جب بھی مسلم لیگ (ن) پر برا وقت آیا مفاد پرست مسلم لیگی منظر سے غائب ہوجاتے ہیں،فیصل صالح

اتوار 17 ستمبر 2017 19:42

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2017ء) نواز شریف جانثار ونگ کے رہنما فیصل صالح نے کہا ہے کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) پر برا وقت آیا مفاد پرست مسلم لیگی منظر سے غائب ہوجاتے ہیں۔ ہم نے پہلے بھی مسلم لیگ(ن) کیلئے قربانیاں دی تھیں اور اب بھی ہر طرح کی قربانیاں دینے کو تیار ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی قیادت اپنا رویہ درست کرے اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے، حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو سیاست اور وطن سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔

پارٹی کارکنان اُن کے ساتھ ہیں اور وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ سندھ کا دورہ کریں ، سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے ، جبکہ پارٹی کی صوبائی قیادت کا بھی محاسبہ کیا جائے اور پارٹی کیلئے قربانی دینے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے برطرف وزیراعظم نواز شریف کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرین یااللہ یا رسول ، نواز شریف بے قصور کے نعرے لگارہے تھے۔ مظاہرے سے عبدالغفار راجپوت ، فیصل صالح نے کہاکہ وطن کے خاطر نواز شریف نے قربانیاں دی ہیں ، ہم نواز شریف کے ساتھ ہیں ، اب ہمارے لیڈران اور کارکنان کو دیکھنا ہوگا کہ ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا فرض احسن طریقے سے انجام دیں۔