پاکستانی عوام کی اکثریت پرُامن اور بردبار ہے، عالمی امن کے قیام کیلئے عالمی برادری کے مابین تعاون میں اضافہ ناگزیر ہے،ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا جنوبی کوریا میں عالمی امن کانفرنس سے خطاب، پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے امن تجاویز کا تبادلہ،دنیا بھر کے پارلیمانی نمائندوں،سول سوسائٹی اور امن کارکنوں کا بھرپورخیرمقدم

اتوار 17 ستمبر 2017 16:41

سیول /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 ستمبر2017ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے قیامِ امن کے خواب کو انسانیت کا مشترکہ ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیرپا امن کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری کو ایک دوسرے سے ساتھ تعاون میں اضافہ کرنا چاہیے۔ جنوبی کوریاکے دارالحکومت سیول میں عالمی امن کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ برصغیر میں آزاد مملکت پاکستان کے قیام کا مقصد علاقائی امن و استحکام کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو مساوی حقوق فراہم کرنا تھا، امن کانفرنس کا انعقادمعروف کورین امن کارکن مان ہی لی کے قائم کردہ ادارے ہیولنی کلچر ورلڈ پیس ریسٹوریشن آف لائٹ (HWPL)نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے 156ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو آگاہ کیا کہ تحریکِ پاکستان ایک خالصتاًً جمہوری اور امن پسند تحریک تھی اور بانیِ پاکستان قائداعظم نے اپنی گیارہ اگست کی تقریر میں تمام شہریوں کو نوزائیدہ مملکت کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی تھی، انہوں نے کہا کہ1973ء کا متفقہ منظور کردہ آئینِ پاکستان بھی تمام شہریوں کے حقوق کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے پاکستانی عوام کی اکثریت کو امن پسند اور بردبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرے کے صرف پانچ فیصد انتہاپسند عناصر ملک و قوم کی بدنامی کا باعث بنے ہوئے ہیں، انہوں نے اس موقع پر پارلیمان میں غیرمسلم اقلیتوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد بالخصوص ہندو میرج ایکٹ اور زبردستی مذہب تبدیلی کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا، ڈاکٹر رمیش نے سپریم کورٹ سے اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے انیس جون کے تفصیلی فیصلے کو اپنی قانونی جدوجہد میں اہم سنگِ میل قرار دیا۔

اس موقع پر دنیا بھر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے پالیمانی نمائندے، سول سوسائٹی، امن کارکن اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے، کانفرنس کے شرکاء نے ڈاکٹر رمیش وانکوانی کی جانب سے ایچ ڈبلیو پی ایل کے منظورکردہ اعلامیہ امن کے عملی نفاذ کیلئے پیش کردہ امن تجاویز کا بھرپور خیرمقدم کیا۔