حکومت لیویزفورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے ،ڈپٹی کمشنر محمدحیات کاکڑ

ہفتہ 16 ستمبر 2017 20:21

ژوب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2017ء)ڈپٹی کمشنرشیرانی محمدحیات کاکڑنے کہاہے کہ حکومت امن وامان کے قیام کے ساتھ ساتھ لیویزفورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔اورانھیں جدیدہتھیاروں سے لیس کرکے عصرحاضرکے تقاضوں کے ہم آہنگ تربیت دی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے بلوچستان لیویزڈائریکٹریٹ کی جانب سے شیرانی لیویزکو فراہم کردہ جدیداسلحہ کے بارے میں انھیں دی جانے والے بریفنگ کے دوران کیا۔

اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ غلام محمدمندوخیل، عزیزشاہ شیرانی،لیویزناظرشاہ عالم شیرانی اورصحافی بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنرکو لیویزڈائریکٹریٹ کی جانب سے دیے گئے اسلحے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنرمحمدحیات کاکڑنے لیویزکو جدیدوقیمتی اسلحہ کی فراہمی پر ڈی جی لیویزصالح ناصرکا شکریہ اداکیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ امن وامان کے موثرنظام کے قیام کے ساتھ ساتھ لیویزفورس کو جدیدخطوط پراستوارکرنابھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

لیویزفورس کوجدیداسلحہ اوروسائل سے لیس کرکے ایک مثالی فورس کاقیام عمل میں لایاجارہاہے۔انھوں نے مزیدکہاکہ سی پیک روٹ میں آنے والے اضلاع اورشاہرائووں کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔اس ضمن میںڈی آئی خان شاہراہ پر دہانہ سر،خاورینہ اورکپیپ کے مقام پر دونئے تھانو ں کا قیام اور کویک ریسپانس فورس کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔

علاقے کی حساسیت کو مدنظررکھتے ہوئے مغل کوٹ میں لیویزتھانہ تعمیرکیاجائے گا۔نئے اسلحے کے استعمال کیلئے لیویزاہلکاروں کو خصوصی تربیت د ی جائے گی۔اور اسلحے کی فراہمی اوروصولی کیلئے ایس اوپی ڈیزائن کی گئی ہے۔جس پر سختی سے عملدرآمدکی ہدایت کی گئی ہے۔اسلحے میں رائونڈزسمیت سنائپر،جی تھری رائفل،آرپی جی اورنائن ایم ایم پستول شامل ہیں۔ صوبائی لیویز،فیڈرل لیویزاورزیرتربیت اہلکاروں کیلئے کلاشنکوف کے دس ہزارسے زائدرائونڈزبھی فراہم کیے گئے اسلحے میں شامل ہیں۔