ایم کیوایم پاکستان کے تحت شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی 7ویں برسی ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترا م کے ساتھ منائی گئی

برسی کے اجتماع میں عمران فاروق کے والدین ،ڈاکٹر محمد فاروق ستار،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، اراکین رابطہ کمیٹی ، ڈپٹی میئر کراچی ،حق پرست ارکان قومی وصوبائی سمیت دیگرکی شرکت

ہفتہ 16 ستمبر 2017 19:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے شہید کنوینر اور شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی 7ویں کراچی سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی اور شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ برسی کے سلسلے میں اندرون سندھ ، پنجاب ، بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے اس سلسلے کا مرکزی اجتماع کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد کے سامنے واقع بہادر آباد کلب میں منعقد ہوا جس میں سربراہ شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کے والدین ، ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، رابطہ کمیٹی کے اراکین شبیر قائم خانی ، جاوید کاظمی ، عبد القادر خانزادہ ، محترمہ کشور زہرا ، عبد الوسیم ، راشد سبزواری ، عارف خان ایڈووکیٹ ، رضوان بابر ، محترمہ ہیر سوہو ، ابو بکر صدیقی ، ارشد حسن ، ارشاد ظفیر ، اقبال مقدم ، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، ایم کیوایم کے مختلف ونگز و شعبہ جات کے اراکین ، ڈسٹرکٹ انچارجز و اراکین ، ٹائون انچارجز و اراکین ، ذمہ داران و کارکنان اور شہید کے عزیز و اقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

بعدازاں حق پرست سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے اجتماعی دعا کرائی جس شہید انقلاب ڈاکٹرعمران فاروق کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل ، معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کی جلد صحت یابی ، ایم کیوایم پاکستان کے خلاف سازشوں کے خاتمے ، حق پرست جدوجہد کی کامیابی ،تمام حق پرست شہداء کے بلند درجات ، اسیر و لاپتہ کارکنان کی جلد بازیابی اور ان کے لواحقین کے بلند حوصلوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ بعدازاں سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے اراکین عزیز آباد کے قبرستان جاکر شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر ایم کیوایم کے مختلف ونگز اور شعبہ جات کے اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔