سالہ اذہان کی ہلاکت کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے ،مقدمہ فی الفور درج کیا جائے،حافظ نعیم الرحمن

پولیس کی جانب سے نا انصافی پر عدالت کے فیصلہ کے منتظر ہیں ،کے الیکٹرک کے ظلم و لوٹ مار کے خلاف جدو جہد جار ی رہے گی ، امیر جماعت اسلامی کراچی

جمعہ 15 ستمبر 2017 21:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے 23اگست 2017کو بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگ کر جاں بحق ہونے والے 8سالہ اذہان صدیقی کا مقدمہ درج نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کر تے ہوئے فی الفور مقدمہ درج کر نے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ ہلاکت کی ذمہ داری مکمل طور پر کے الیکٹر ک کے خلاف ثابت شدہ ہے کیونکہ کھمبے میں کرنٹ آنے کی اطلاع بر وقت کر دی گئی مگرکے الیکٹرک نے کوئی کاروائی نہیں کی اور مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ماڈل کالونی پولیس کی جانب سے کے الیکٹرک کے اعلیٰ عہدیداران کے نام مقدمے کی درخواست سے نکالنے کا مطالبہ ثابت کرتا ہے کہ کے الیکٹرک کاروائی رکوانے کے لیے کس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

تا ہم پولیس کی جانب سے دباؤ میں آجانا یا کسی اور وجہ سے FIR درج نہ کرنا سرا سر نا انصافی ہے بلکہ پولیس کی جانب سے اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ بارشوں میں کھمبوں میں کرنٹ اور تار گرنے سے شہر بھر میں 15 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے۔ ان تمام حادثات کے مکمل ذمہ داری کے الیکٹرک انتظامیہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے رویہ سے مایوس ہو کر متوفی اذہان کے ورثا نے کورٹ میں FIR درج کروانے کی درخواست دی ہے لیکن ضلع شرقی کی متعلقہ عدالت میں معاملہ مستقل التواء کا شکار ہے ۔

جبکہ قانون اور اعلیٰ عدالتی احکامات اس بارے میں بالکل واضح ہیں کہ مقدمہ کسی بھی شخصیت کے خلاف درج ہو سکتا ہے لیکن لگتا ہے کہ ایسٹ انڈیا کمپنی کی صورت میں کے الیکٹرک ایک ایسا مافیا ہے جو وزیر اعظم سے بھی زیادہ طاقتور بن چکا ہے جس کے خلاف پولیس ،انتظامیہ اور عدالتوں سمیت کسی سے بھی حق حاصل کرنا تقریباً ناممکن بن چکا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ متعلقہ عدالت اس معاملہ میں مبنی بر انصاف و قانون فوری فیصلہ کرئے گی کیونکہ یہ دیکھنا عدالت کا کام نہیں کہ مدعی کس فرد کے خلاف مقدمہ درج کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا مقدمات، جیل اور تھانے صرف غریبوں اور کمزوروں کے لیے بنے ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ان تمام افراد کے ورثاء کے مقدمات درج کرانے میں بھر پور معاونت کرئے گی۔ جن کے رشتہ دار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں کے الیکٹرک کے خلاف ہر جانہ کے مقدمات بھی داخل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے الیکٹرک کے حوالے سے دوسرے معاملات پر بھی عدالتوں اور نیپرا کے فیصلوں کے منتظر ہیں لیکن جماعت اسلامی کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور غنڈہ گردی کے خلاف عوامی جدوجہد ہر صورت جاری رکھے گی۔