سازشی عناصر کامیاب ہو گئے ،سکردو شہر کی مٹیلنگ کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا، ٹھیکیدار نے بھی عین وقت پر ہتھیار ڈال دیئے

جمعہ 15 ستمبر 2017 20:41

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 ستمبر2017ء) سازشی عناصر کامیاب ہو گئے ،سکردو شہر کی مٹیلنگ کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا، قانونی تقاضے پورا کر کے ٹھیکہ حاصل کرنے والے ٹھیکیدار نے عین وقت پر ہتھیارڈال دیئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر سکردو شہر کی تمام مین اور رابطہ سڑکوں کی ری کارپٹنگ کا منصوبہ ٹینڈر کی منظور ی کے 2دن بعد ہی ٹھیکیدار حاجی محمد اینڈ سنز کی جانب سے چیف انجینئر کی تحریری درخواست میں کام کرنے سے معذرت کرنے کے بعد التوا کا شکار ہو گیا ہے مذکورہ ٹھیکیدار نے موقف اختیار کیا کہ ان کی لا علمی میں اس کے بیٹے نے ٹینڈر فارم بھرا تھا اور شرائط رکھے بغیر فارم جمع کر وایا تھا ۔

ٹھیکیدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ چونکہ آگے سردیوں کا موسم آنے والا ہے اور چھ دنوں بعد محرم بھی شروع ہو رہا ہے اس لئے وہ دئیے گئے وقت کے اندر کام مکمل نہیں کر سکتے اس لئے ہنگامی حالات میں کام کرنے سے معذرت خواہ ہوں ادھر ٹھیکیدار کی جانب سے پہلے کم ریٹ پر حاصل کرنے اور فوری طور پر کام کرنے سے معذرت کے بعد ری کارپٹنگ منصوبے کو سبوتاز کرنے کی سازش کے تاثر کو تقویب مل رہی ہے اور شہر کا یہ انتہائی اہم منصوبہ اب اگلے سال تک تاخیری حربے کا شکار ہو گیا ہے ۔