اٹھارہ ہزاری ، سبزی منڈی میں کام کرنے والے ضلع جھنگ کے طالبعلم نے ایف ایس سی میں 908 نمر لے کر نمایاں پوزیشن حاصل کر لی، وزیر اعلی پنجاب سے نقد امداد کی اپیل

جمعہ 15 ستمبر 2017 18:33

اٹھارہ ہزاری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 ستمبر2017ء) غربت کی وجہ سے سبزی منڈی میں کام کرنیوالے چوک اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کے طالبعلم نے ایف ایس سی میں 908نمبرلیکر کالج میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اٹھارہ ہزاری کاایف ایس سی پری انجنیئرنگ کا غریب طالبعلم مدثر حنیف جس نے تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے حالیہ سالانہ امتحان میں 908نمبر لیکر کالج بھر میں اول پوزیشن حاصل کی ہے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ غریب والدین کی جانب سے اخراجات برداشت نہ کر سکنے کی بنا پر وہ مقامی سبزی منڈی میں بھی کام کرتا ہے اذان فجر سے صبح کالج جانے کے وقت تک کام کے سو روپے جبکہ چھٹی کے دن دکانوں سے رقوم کی وصولی کے بدلے اسے روزانہ دو سو روپے ملتے ہیں مگریہ رقم بھی وہ گھریلو اخراجات کیلئے والدین کودیتا ہے اس کے دو بھائی بھی ہیں ایک ساتویں جبکہ دوسرا تیسری جماعت میں پڑھتا ہے اس کے والد محمد حنیف نے کہا ہے کہ اسے اپنے بیٹے پر فخر ہے جو تعلیم کے ساتھ اس کا بھی ہاتھ بٹاتا ہے اگر نامساعد حالات کا نفسیاتی اثر نہ ہوتا تووہ اس سے بھی زیادہ نمبر لیتا انجنیئرنگ کے اخراجات برداشت نہ کر سکنے کی بنا پر انٹری ٹیسٹ نہیں دلوایا اب وہ بی ایس پروگرا م میں داخلہ لینا چاہتا ہے مگر یہ اسی صورت ممکن ہو سکتا ہے جب حکومت یا کوئی یونیورسٹی انتظامیہ اس کی مدد کرے مقامی سبزی منڈی کے آڑھتی حاجی منیر احمد نے بتایا کہ طالبعلم مدثر حنیف نہایت شریف اور مضبوط ارادے کا مالک ہے ایسے بچے ملک کا مستقبل ہیں جن کی مدد کی جائے تو وہ آئندہ نسلوں کوسنوارنے کا سبب بن سکتے ہیں وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب سے اپیل ہے کہ مذکورہ غریب طالبعلم اور اس کے والدین کی مالی امداد کی جائے گورنمنٹ کالج اٹھارہ ہزاری کے پرنسپل سید سلیم تقی شاہ کا اس بارے کہنا تھا کہ اتنے نمبر محنت کرنیوالا طالبعلم ہی لے سکتا ہے انہیں یہ جان کر حیرانگی ہوئی ہے کہ وہ کالج کے ساتھ سبزی منڈی میں بھی کام کیلئے جاتا ہے ایسے طالبعلموں کی لازمی امداد کی جانی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :