ْویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے نومبر میں تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے دورہ پاکستان کا اعلان

ڈیو کیمرون کی آمد سے ویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی‘ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی

جمعہ 15 ستمبر 2017 14:29

ْویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے نومبر میں تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2017ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم رواں سال نومبر میں تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے میچز دیکھنے کیلئے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون کو دعوت دی تھی تاکہ وہ 14 رکنی اسکواڈ کے دورے کے سلسلے میں کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے سکیں۔

چیئرمین پی سی بی نے پاکستان آمد پر ڈیو کیمرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈین بورڈ کے سربراہ کی آمد سے ویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔انہوں نے کہا کہ رواں سال نومبر میں ویسٹ انڈین ٹیم تین ٹی ٹونٹی میچوں کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی تاہم میچز کن شہروں میں منعقد کیے جائیں گے، اس بات کا ابھی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مارچ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور آٹھ سال کے دوران زمبابوے کے علاوہ کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا لیکن ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ بھی کہہ چکا ہے کہ اگر وہ ورلڈ الیون کو فراہم کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر مطمئن ہوتے ہیں تو ایک ٹی ٹونٹی میچ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجیں گے۔