امریکا یا بھارت کی جانب سے جارحیت کی صورت میں افغان طالبان پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونگے- امارت اسلامیہ افغانستان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 ستمبر 2017 13:16

امریکا یا بھارت کی جانب سے جارحیت کی صورت میں افغان طالبان پاکستان ..
نوشہرہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 ستمبر۔2017ء) افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی خطرے کی صورت میں پاکستان کی حمایت کریں گے اور اگر امریکا کوئی جارحانہ اقدام اٹھاتا ہے تو وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ یہ اعلان امارت اسلامیہ افغانستان نے جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے توسط سے جاری کیا گیا۔

بیان کے مطابق معروف ادارے نے اتحاد علماءافغانستان سے اجلاس کے بعد امریکی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کرنے کا اعلان کیا۔مفتی محمود زکری کی قیادت میں افغان طالبان اور امارت اسلامیہ افغانستان کا اجلاس اتحاد تحریک عالم اسلام کے بینر کے تحت منعقد ہوا، اجلاس میں مختلف گروہوں اور مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مذہبی رہنما افغان طالبان سے مختلف کیسے ہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے مولانہ سمیع الحق کو تحریری بیان بھیجا جس میں امریکا یا بھارت کی جانب سے حملے کی صورت میں پاکستان کو مکمل حمایت فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا، اس میں کہا گیا کہ وہ پاکستان کے لیے اس ہی طرح لڑیں گے جیسے انہوں نے اپنے ملک افغانستان کے لیے فربانیاں دیں۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے سیاسی اور مذہبی جماعتیں اپنے اختلافات کو ختم کریں اور آپس میں اتحاد قائم کریں۔

انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ افغان طالبان، افغانستان میں اپنا جہاد جاری رکھیں گے، اور ملک میں اسلامی نظام کو نافذ کرنے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی مذمت کی اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ ان کی نسل کشی کو روکنے کے لیے آواز بلند کی جائے۔مولانا سمیع الحق نے وزیر داخلہ احسن اقبال سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان طالبان کی جانب سے مذکورہ اعلان کو سراہیں۔