پائیدار ترقی کے اہداف سیکرٹریٹ اور لیڈز پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

چاروں صوبے اس حوالے سے ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ سے تعاون کر رہے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی واحد پارلیمنٹ ہے جس میں ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ قائم ہے، مفاہمتی یادداشت کے تحت پارلیمنٹ کے اراکین اور عملہ کو ایس ڈی جیز پر توجہ مرکوز کرنے کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ نچلی سطح تک خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جاسکے، وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب

جمعرات 14 ستمبر 2017 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) پائیدار ترقی کے اہداف(ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ اور لیڈز پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے ہیں جس کا مقصد اراکین پارلیمنٹ کو ایس ڈی جیز سے متعلق تربیت فراہم کرنا ہے‘ پانچ سال کی مدت میں دونوں فورمز صحت ‘تعلیم ‘انسانی ترقی سمیت ہر شعبے میں تحقیق اور تربیت کے لئے اپنے تمام ترصلاحتیں بروئے کار لائیں گے ۔

پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ کی جانب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘ لیڈز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی توقیر شیخ نے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر نے کے بعد گفتگو کر تے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قائم پائیدار ترقی کے اہداف(ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ اور لیڈز پاکستان جو کہ گذشتہ کئی سال سے اس شعبے میں خدمات سرانجام دے رہا ہے کے مابین ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں ‘ پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کا باقاعدہ سیکرٹریٹ قائم ہے ‘چاروں صوبے اس حوالے سے ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کے تعاون کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین اور ممبران کو تربیت دی جائے گی ‘اراکین سینٹ بھی ایس ڈی جیز کے حوالے سے دلچسپی لے رہے ہیں ‘انھیں بھی مکمل سہولیات میسر ہوںگی ۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کا سٹاف تربیت مکمل کرنے کے بعد ماسٹر ٹرینر کی حیثیت سے چاروں صوبوں کے ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کو تربیت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرنے کے قریب پہنچ گئی لیکن اس وقت بھی ہم نے ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کا ایسا ڈھانچہ بنا دیا ہے کہ جو 2018ء کے عام انتخابات میں کامیاب ہوکر آنے والے اراکین کو بھی تحقیق اور قانون سازی کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرے گا ۔وزیر مملکت برائے اطلاعات‘ نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت پارلیمنٹ کے اراکین اور عملہ کو ایس ڈی جیز پر توجہ مرکوز کرنے کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ نچلی سطح تک خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ لیڈ تحقیق کی بنیاد پر کام کرنے والا ادارہ ہے جو ماحول ، پانی اور توانائی کے تحفظ جیسے مسائل پر تحقیق کرتا ہے اور جو پارلیمنٹیرینز کو قانون سازی کے لئے درکار تکنیکی معاونت اور تحقیق کی بنیاد پر اعداد وشمار فراہم کرے گا اور مطلوبہ مختلف موضوعات پر قانون سازی میں معاونت فراہم کرے گا تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمدکے حوالے سے نگرانی کی استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمد صوبوںکی ذمہ داری ہے اور اس مفاہمتی یادداشت کو صوبوں میں پائیدار ترقی کے اہداف کی ٹاسک فورسز کے ساتھ بھی مربوط بنایا جا سکتا ہے جو ملک بھر میں پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمد کے لئے تشکیل دی گئی تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ اس مفاہمتی یادداشت کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے بھی ان کے ساتھ مل کر کام کرسکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ پہلی مرتبہ پائیدار ترقی کے اہداف کے عمل میں قانون سازوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور حلقہ کی بنیاد پر فنڈنگ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ مفاہمتی یادداشت کے تحت اراکین پارلیمنٹ کو معلومات، اعداد وشمار اور مختلف استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں کے ذریعے سافٹ سکلز کے سیکھنے کے ساتھ بااختیار بنایا جا ئے گا۔

انہوں نے کہاکہ منتخب قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان اور اراکین کو تحقیق کے لئے معاونت کی جائے گی اور خاص طورپر پائیدار ترقی کے اہداف کے ترجیحی شعبوں میں پارلیمانی ایجنڈاطے کیا جاسکے گا۔ وزیر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے ساتھ پارلیمنٹیرینز کو تحقیق کی بنیاد پر نگرانی اورماحولیات و موسمی تغیر کے حوالے سے پارلیمانی امور نمٹانے کی نئی روایت کو فروغ ملے گا۔

لیڈز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی توقیر شیخ نے کہا کہ آج ایس ڈی جیز سیکریریٹ اور لیڈز پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہونے سے ایک بنیاد رکھ دی گئی ہے ‘لیڈز پاکستان ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کے ساتھ ملکر پانچ سالوں کے دوران اراکین پارلیمنٹ کی ایس ڈی جیز کے لئے تربیت فراہم کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ لیڈز پاکستان نے ایس ڈی جیزکی تربیت دینے کے لئے ڈھانچہ ہاوڑیونیورسٹی کے معیارمطابق تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ ہے جو ایم این ایز کی ایس ڈی جیز کے لئے تربیت کررہا ہے ‘تربیت کا یہ دائرہ کار صوبوں تک بھی بڑھایا جائے گا ۔