محرم الحرام کی آمد پر پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیو ٹی پر طلب کر لیا گیا ، ایس ایس پی حیدرآباد

پولیس کو ہائی الرٹ کر کے محرم الحرام پر سیکورٹی کے فول پروف حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،اجلاس سے خطاب

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:21

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) ایس ایس پی حیدرآباد سید پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد پر پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیو ٹی پر طلب کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس کو ہائی الرٹ کر کے محرم الحرام پر سیکورٹی کے فول پروف حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، حیدرآباد انتہائی پر امن اور باہمی اخوت و بھائی چارہ والا شہر ہے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور شہری ایک دوسرے کے مذہبی و فقہی جذبات و احساسات کو سمجھتے ہیںلہذٰا مجالس و ماتمی جلوسوں کے لئے حکومت کی طرف سے بنائے گئے کوڈ آف کنڈکٹ پر ہمیں سختی سے عمل کر نا ہو گا۔

وہ محرم الحرام پر سیکورٹی کے فول پروف سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایس ایس پی آفس میں میں منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کر رہے تھے، اجلاس میں ایس پی سٹی ، تمام ایس ڈی پی اوز/ ایس ایچ اوز کے علاوہ مختلف شیعہ تنظیموں مجالس کے منتظمین نمائندئوں سید رضا رضوی ، سید کاظم شاہ تقوی، صفدر عباس، محمد احمد جعفری،علیم حیدر تقوی، لطیف ہزارہ، زوار اکبر چانگ، سید ساجد حسین شاہ ، حیدر علی شاہ، عبداللطیف شر، ذوالفقار علی شاہ ، قادر بخش خاصخیلی ، تراب علی خواجہ، عبدالغنی لغاری، سید شیر علی شاہ کاظمی، آفتاب حسین جعفری، مصطفی علی حیدری، مقبول حسین اور غلام محمد سمیت عزاء دار انجمنوں کے عہدیداروں اور ذمہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کے بلدیہ اور واسا کو پابند کیا جائے کہ قدم گاہ کے سامنے اسٹیشن روڈ پر صفائی اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنا یا جائے، حیسکو کو پابند کیا جائے کہ وہ محر الحرام کے دوران بعد نماز عصر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کریں کیونکہ مجالس اور ماتمی جلوس کے دوران بجلی نہ ہونے کی صورت میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کا خدشہ موجود ہے، جہاں خواتین کی مجالس عزاء ہوں وہاں لیڈیز پولیس کی مناسب تعداد میں نفری فراہم کی جائے، کیبل آپر یٹرز کو پابند کیا جائے کہ وہ خصوصاّ 5 محرم الحرام سے عاشورہ تک کیبل پر تمام غیر اخلاقی و فحش چینلز فلموں اور گانوں کوہر گز نہ چلائیں، ماتمی جلوس ، علم و ذوالجناح کے جلوسوں کی گزر گاہوں کی سڑکوں کی مرمت کرائی جائے، عزاء داروں کو مختلف جگہوں سے مرکزی ماتمی جلوس میں داخلے سے روکا جاتا ہے اس لئے عزاء دار جہاں سے چاہیں انہیں مر کزی جلوس میں شامل ہونے دیا جائے۔

ایس ایس پی سیدپیر محمد شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام کی آمد پر پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کر کے اہلکاروں کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے پولیس کو ہائی الرٹ کر کے محرم الحرام کے موقع پر فول پروف حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اس سلسلے میں ہی آپ کی تجاویز اور آراء کو جاننے کے لئے ہی آج کا یہ اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مکمل امن و امان اور فول پروف سیکیورٹی کو حتمی شکل دینے کے لئے آپ کی معاونت اور بھر پور تعاون بہت اہمیت رکھتا ہے ہم اپنی بھرپور سیکیورٹی آپ کو فراہم کریں گے لیکن اس کے ساتھ آپ سب بھی اپنی امام بارگاہوں اور اہم و حساس مقامات پر خفیہ کلوز سرکٹ کیمرے نصب کریں اور ہر آنے جانے والے پر کڑی نظر رکھیں اور ریکارڈنگ کو محفوظ مقام پر رکھیں، امام بارگاہوں اور مجالس میں داخلے کا صرف ایک راستہ رکھیں اور وہاں اپنے والنیٹئرز مقر کریں جو تمام عزاء داروں کو شرکت سے پہلے اچھی طرح سے چیک کریں، مجالس عزاء اور امام بارگاہوں کے قریب کسی قسم کی پارکنگ نہ کی جائے گی ، ہر قسم کی گاڑیوں کی پارکنگ کافی فاصلے پر رکھی جائے اور وہاں بھی اپنے والنٹیرز کو متعین کریں، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر ایک سے زائد راستوں پر بھرپور سیکیورٹی یا چیکنگ ممکن نہیں ہے اس لئے داخلی راستہ صرف ایک ہی ہونا چاہیے، اپنے تمام والنٹیئرز کی لسٹ ہمیں فوری فراہم کریں حیدرآباد پولیس ان کو چیکنگ اور بنیادی حفاظتی اقدامات کی باقاعدہ تربیت دے گی، انہوں نے کہا کہ الحمدللہ حیدرآباد ایک انتہائی پر امن اور باہمی اخوت و بھائی چارہ والا شہر ہے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور شہری ایک دوسرے کے مذہبی و فقہی جذبات و احساسات کو سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کر تے ہیں مجھے امید ہے آپ سب اس روایات کو کسی بھی قیمت پرپا مال نہیں ہو نے دیں گے، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اس وقت دہشت گردی کا شکار ہے شر پسند عناصر آپ کی کسی بھی معمولی غلطی کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اس لئے ہم سب کو مل کر محرم الحرام کی مجالس و ماتمی جلوسوں کے لئے حکومت کی طرف سے بنائے گئے کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل کر نا ہو گا۔