Live Updates

عمرا ن خان کی داتا دربار حاضری کیلئے ریلی ،مختلف مقامات پر تپاک استقبال کیا گیا ،آتش بازی کاشاندار مظاہرہ

کارکن سارے راستے اپنی قیادت کے حق میں اور (ن) لیگ کے خلاف نعرے لگاتے رہے ،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے پی ٹی آئی کے کارکن مقررہ وقت سے پہلے ہی مال روڈ پر پہنچنا شروع ہو گئے ،مال روڈ ‘ ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام دوپہر سے رات تک معطل رہا شریف فیملی گوالمنڈی سے مے فیئر تک پہنچ گئی ،مظلوم بن کر قوم سے ووٹ مانگ رہے ہیں ،شریفوں کا دور ختم ہونیوالا ہے ‘ عمران خان

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک کے چیئرمین عمرا ن خان کی داتا دربا ر حاضری کیلئے چیئرنگ کراس مال روڈ سے ریلی نکالی گئی جس میں مرد و خواتین کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،ریلی کا مختلف مقامات پر پرتپاک استقبال کیا گیا ،کارکن سارے راستے اپنی قیادت کے حق میں اور (ن) لیگ کے خلاف نعرے لگاتے رہے ،پرجوش کارکنوں کی جانب سے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ،پی ٹی آئی کے کارکن مقررہ وقت سے پہلے ہی مال روڈ پر پہنچنا شروع ہو گئے جس کے باعث مال روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا اورریلی کے اختتام تک صورتحال جوں کی توں رہی جبکہ عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ والے مظلوم بن کر لوگوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں، سارا ٹبر قوم سے جھوٹ بولتا رہا، جو پیسہ این اے 120میںلگنا تھا وہ ملک سے باہر لے گئے ،17ستمبر کو تیس سالہ بادشاہت کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف عمران خان کارکنوں کی ریلی کے ہمراہ چیئرنگ کراس چوک سے داتا دربار حاضری کیلئے روانہ ہوئے ۔ اس موقع پر جہانگیر خان ترین، عبد العلیم خان،میاں محمود الرشید ،ڈاکٹر یاسمین راشد،اعجاز چوہدری ،جمشید اقبال چیمہ، چوہدری محمد سرور ، شعیب صدیقی سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ این اے 120سمیت لاہور کے مختلف علاقوں سے رہنمائوں کی قیادت میں کارکن ریلیوں کی صورت میں مال روڈ پہنچے ۔

حلقہ این ای124سے وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ کی قیادت میں درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار کارکنوں کا قافلہ مال روڈ پہنچا جس نے انار کلی کے مقام پر عمران خان کی زیر قیادت آنے والی ریلی کا پرتپاک استقبال کیا ۔ ریلی کے شرکاء ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے جبکہ اس موقع پر گھڑ ڈانس بھی دکھایا گیا ۔ این اے 120کی انتخابی مہم کیلئے یونین کونسل 64کی کوارڈی نیٹر مسرت چیمہ کی قیادت میں مرد و خواتین کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی جبکہ کارکنوں نے ریگل چوک کے مقام پر ریلی کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

مسرت چیمہ کی طرف سے تیار کرایا گیا خصوصی فلوٹ ریلی میں توجہ کا مرکز بنا رہا ۔این اے 120 کی دیگر یونین کونسلوں سے بھی کارکنوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی ۔ اس موقع پولیس کی بھاری نفری ریلی کے شرکاء کی حفاظت پر مامور رہی۔ پی ٹی آئی کی ریلی کے باعث دوپہر کے وقت سے ہی ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت ریلی کا باقاعدہ آغاز ہونے کے بعد صورتحال مزید ابتر ہو گئی اور مال روڈ سمیت ملحقہ شاہرائوں پر ٹریفک بری طرح جام رہی اور شہریوں کا منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا ۔

ریلی کے آغاز اور مختلف مقامات پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک میچ 15ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم اور دوسرا 17ستمبر کو این اے 120میں ہوگا،عوام اتوار کے روز قبضہ مافیا کو شکست دے کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کہاکہ تھا کہ میری اور میر ے خاندان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ،پانامہ سے پہلے مریم نواز نے لندن فلیٹس کی ملکیت سے انکار کیا تھا تو اب یہ پراپرٹی کہاں سے آگئی ،یہ عوام کی لوٹی ہوئی دولت ہے ۔

شریف فیملی گوالمنڈی سے مے فیئر تک پہنچ گئی ۔ پانامہ کا انکشاف ہے کہ سارا ٹبر چور ہے اور سارا ٹبر جھوٹ بول رہا ہے ، پاکستان کا پیسہ باہر لے جا کر یہ لوگ اربوں پتی بن گئے ہیں ،ب یہ لوگ مظلوم بن کر قوم سے ووٹ مانگ رہے ہیں مگر اب ایسا نہیں ہوگا ۔این اے 120میں ایک بڑا میچ ہوگا ، لاہو رکے ضمنی انتخاب میں دو نظریات رکھنے والوں کا مقابلہ ہے ۔ عمران نے کہاکہ میری یا میری فیملی کی ملک کے باہر کوئی جائیداد نہیں ، این اے 120ایک بڑا معرکہ ہوگا اور کرپٹ مافیا کو شکست دیں گے اور فیصلے کے بعد شریفوں کا دور ختم ہوجائے گا ۔عمران خان نے کہا کہ 17ستمبر کو عوام نے اپنے مستقبل کافیصلہ کرنا ہے اور اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو ووٹ دینا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات