لاہور، ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس امجد جاوید سلیمی کی زیر صدارت ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس

غیر تسلی بخش کارکردگی پر ڈی ایس پی میانوالی اور ڈی ایس پی رحیم یار خان کی سرزنش

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2017ء) ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ پٹرولنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور دوران پٹرولنگ موٹر سائیکل سواروں کو بالخصوص چیک کیا جائے کیونکہ 80سے 85فیصد جرائم کی وارداتیں موٹر سائیکلوں پر ہوتی ہیں ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار مخصوص جگہوں پر کھڑے ہونے کی بجائے مختلف مقامات پر شہریوں کو چیک کریں اور اس بات کا بطور خاص خیال رکھا جائے کہ دوران چیکنگ شہریوں کو بلا جواز پریشان نہ کیا جائے ۔

انہوں نے ڈی ایس پی پی ایچ پی میانوالی ضیااللہ اور ڈی ایس پی پی ایچ پی رحیم یار خان فرحت حمید کی غیر تسلی بخش کارکردگی پرسرزنش کرتے ہوئے انہیں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں بصورت دیگر خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہو ںنے آج سنٹرل پولیس آفس میں پی ایچ پی کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ڈی آئی جی پٹرولنگ غلام محمود ڈوگر، ایس پی ہیڈ کوارٹر عمران کشور، ایس پی لاہور ریجن بابر بخت قریشی ، ایس پی ملتان ریجن ہما نصیب ، ایس پی فیصل آباد ام سلمی ،ایس پی سرگودھا ریجن حسن جمیل حیدر، ایس پی راولپنڈی ریجن محمدیوسف ملک ایس پی گوجرانوالہ ریجن مسعود رضا، ایس پی ڈی جی خان ریجن محمد باقر سمیت تمام اضلاع کے ڈی ایس پی افسران نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں ماہ اگست 2016کی کارکردگی کا اگست 2017کے ساتھ تقابلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں پٹرولنگ پوسٹ پنڈی بھٹیاں کوکار چوری کرنے والے بین الاضلاعی گینگ سے 8کاریں برآمد کرنے پراور پٹرولنگ پوسٹ بندیال کو 8لاکھ روپے مالیت کی موبائل ٹاور کی 48بیٹریاں برآمد کرنے پرشاباش دیتے ہوئے امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ قابل ، محنتی، ایماندار اور فرض شناس پولیس افسراور اہلکار محکمہ کا فخر ہیں اور میرا ہمیشہ سے یہ اصول رہا ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ کام چور، نالائق اور بد دیانت ملازموں کے خلاف بلا امتیازقانونی اور محکمانہ کاروائی میںتاخیر نہ کی جائے۔

انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ، اجلاس میں ڈی آئی جی پٹرولنگ غلام محمود ڈوگر کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایچ پی کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلئے’ ’انیلیسس ونگ‘‘ تشکیل دیا جائے تاکہ ونگ کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جاسکے ۔

انہوں نے 32زیر تعمیر پٹرولنگ پوسٹوں کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے متعلقہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز سے کہا کہ مذکورہ چیک پوسٹوں کا کام دو ہفتے کے اندر اندر مکمل کروایا جائے ۔ ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ایچ پی کے زیر انتظام علاقوں میں 3لاکھ6ہزار 432پودے لگائے گئے تھے جن میں سے 138951پروان چڑھ رہے ہیںجو مجموعی تعداد کا 45فیصد بنتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :