پی جی ایم آئی، امیر الدین میڈیکل کالج و جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز ، پیرامیڈکس کیلئے ڈینگی تربیت لازمی قرار

ڈینگی سمیت کئی ایک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے صفائی ستھرائی ہی موثر ترین ہتھیا ر ہے ، ذرائع ابلاغ عوام میں شعور اجاگر کرے ہر بخار ڈینگی نہیں ہوتا ، مریضوں کے لواحقین کو بھی ڈاکٹروںکو مریض کی مکمل اور درست ہسٹری سے آگاہ کرنا چاہیے ، ایل جی ایچ ماضی کی طرح آئندہ بھی ڈینگی کے خلاف جنگ میں ہراول دستہ ثابت ہو گا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈینگی مکاؤ عزم میں بھرپور ساتھ دیگا، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز ایل جی ایچ میں ڈینگی پر سمینار ،پروفیسر غیاث النبی و دیگر ماہرین کا اظہار خیال

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2017ء) پرنسپل ٖ پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے میڈیکل سٹوڈنٹس کے علاوہ جنرل ہسپتال میں تعینات ہونے والے نئے ڈاکٹرز ، ہاؤس آفیسرز ،نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس کیلئے ڈینگی تربیت لازمی قرار دے دی تاکہ ادارے میں ہر ملازم کو ڈینگی کے علاج معالجے کے بارے مکمل آگاہی حاصل ہو ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز ایل جی ایچ میں ڈینگی پر آگاہی کیلئے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پروفیسر عمران حسن خان ،، پروفیسر آغا شبیر علی ،ڈاکٹر ملیحہ حمید اور ڈاکٹر کاشف عزیز کے علاوہ طبی ماہرین نے ڈینگی وائرس کی وجوہات، اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور ڈینگی وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر اور طریقہ علاج پر تفصیلی آگاہی دی۔

(جاری ہے)

جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر، فیکلٹی ممبران، ڈاکٹر سلمان شکیل،نوجوان ڈاکٹرز، نرسز کے علاوہ میڈیکل کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ڈینگی سمیت کئی ایک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے صفائی ستھرائی ہی موثر ترین ہتھیا ر ہے ۔

اسی طرح ڈینگی اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلئے پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے معا لجین پر زور دیا کہ وہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ وہ ان پر عمل پیرا ہو کر خود کو بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔ پروفیسرغیاث النبی طیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے بر وقت اقدامات کے باعث ڈینگی کی روک تھا م میں خاطر خواہ مدد ملی ہے اور لاہور جنرل ہسپتال میں طے شدہ قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئی2012سی2016تک ڈینگی کے تمام مریض صحت یاب ہوئے ہیں جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز و نرسز صلاحیت اور قابلیت میں کسی سے کم نہیں اس امر کا اعتراف دیگر ممالک کے طبی ماہرین بھی کر چکے ہیں ۔انہوں نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال میں اس طرح کے تربیتی و آگاہی سمینارز کے انعقاد کو سراہا جو ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے ریفریشر کورسز ثابت ہوتے ہیں ۔

پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس امر کا اعادہ کیا کہ جنرل ہسپتال ماضی کی طرح آئندہ بھی ڈینگی کے خلاف جنگ میں ہراول دستہ ثابت ہو گا اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ڈینگی مکاؤ عزم میں بھرپور ساتھ دے گا ۔انہوں نے میڈیکل سٹوڈنٹس کے ڈینگی سے متعلق سوالوں کے جواب بھی دئیے۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے طبی ماہرین نے کہا کہ ہر بخار ڈینگی نہیں ہوتا ،لوگوں کو نیم حکیم ،عطائیوں اور ٹوٹکوں سے پرہیز کرنا چاہیے اور اپنے مرض کو بگاڑنے کی بجائے فوری طور پر ہسپتالوں سے رجوع کرنا چاہیے جہاں ڈینگی کے علاج کیلئے مفت اور بہترین سہولیات دستیاب ہیں۔

اسی طرح ڈینگی کے مریضوں کے لواحقین کو بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ڈاکٹروںکو مریض کی مکمل اور درست ہسٹری سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ ان کی بروقت اور صحیح تشخیص کر کے علاج شروع کیا جا سکے ۔تقریب کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :