بلوچستان میں میگاپراجیکٹس سابق وزیراعظم محمدنوازشریف کے وژن کے مرہون منت ہیں ، کچھی کینال کے مردہ منصوبے میں بھی محمدنوازشریف نے جان ڈالی، ہم نوازشریف کے سپاہی اوربازو ہیں اوراُن کا پیغام لیکر ڈیرہ بگٹی کے عوام کے پاس آئے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:00

سوئی۔14 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کے مکمل ہونے والے اورجاری میگاپراجیکٹس ہمارے لیڈرسابق وزیراعظم محمدنوازشریف کے وژن کے مرہون منت ہیں ،کچھی کینال کے مردہ منصوبے میں بھی محمدنوازشریف نے جان ڈالی اورآج اس تاریخی منصوبے کا افتتاح ہوا،ہم نوازشریف کے سپاہی اوربازو ہیں اوراُن کا پیغام لیکر ڈیرہ بگٹی کے عوام کے پاس آئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے یہاں مسلم لیگ (ن)کے زیراہتمام وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی آمد کے موقع پرمنعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی،وفاقی وزرأ احسن اقبال اورجنرل (ر)عبدالقادربلوچ نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی وزیرداخلہ میرسرفرازبگٹی نے خطبہٴ استقبالیہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن)کے قائمقام صدر سینیٹرسرداریعقوب خان ناصر ،وفاقی وزرأ جام کمال خان،میردوستین ڈومکی، صوبائی وزرأ عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹر حامد اچکزئی، سردار دُر محمد ناصر، میرمحمد خان لہڑی،بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولاناعبدالواسع ،سینیٹرآغاشاہ زیب درانی،رکن اسمبلی پرنس علی بلوچ،چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگز یب حق،آئی جی پولیس احسن محبوب،ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدارآغاشکیل درانی، ضلع ڈیرہ بگٹی کے قبائلی عمائدین اورعوام کی بہت بڑی تعداد جلسہ میں شریک تھی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب انہوں نے وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالاتوسابق وزیراعظم محمدنوازشریف کی صدارت میں سی سی آئی کے پہلے اجلاس میں کچھی کینال کا مسئلہ اٹھایا،اُس وقت کے وزیراعظم نے میرے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے منصوبے میں مشرف دورمیں ہونے والے گھپلوں کی انکوائری کرانے اورمنصوبے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی جس کے نتیجے میں آج کچھی کینال کا پہلافیز مکمل ہوا،وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈیرہ بگٹی کے عوام کا جوش وجذبہ قابل تعریف ہے اورہم کچھی کینال کی صورت میں ان کے لئے تحفہ لیکر آئے ہیں جس سے ڈیرہ بگٹی کی ہزاروں ایکڑ اراضی آباد ہوگی اوریہاں کے عوام بھی خوشحال ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے بلوچستان کیلئے سبز انقلاب کا افتتاح کیاہے جس سے 70سالہ محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کچھی کینال سے علاقے کی معیشت مضبوط ہوگی اورضلع ڈیرہ بگٹی کے عوام اوران کے بچے خوشحال زندگی گذاریں گے ،انہوں نے کہاکہ کچھی کینال بلوچستان بالخصوص ڈیرہ بگٹی ،بولان،نصیرآباد اورجھل مگسی اضلاع کے عوام کیلئے ہے انہوں نے پٹ فیڈرکینال کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ جہاں پانی ہوتاہے وہاں سولائزیشن کاآغازہوتاہے اوروہ علاقہ آباد ہوجاتاہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر کالاباغ ڈیم بن جاتاہے توبلوچستان میں کچھی کینال جیسی مزید تین نہریں بن سکتی ہیں اورمزید لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوسکتی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے ڈیرہ بگٹی کے عوام سے کہاکہ جب وہ بھی کھیتوں کو پانی دیں،فصل بوئیں اورکاٹیں تو یہ ضروریاد رکھیں کہ کچھی کینال کی تکمیل محمدنوازشریف کی بدولت ممکن ہوئی اوراُن کے اوراُن کے ساتھیوں کیلئے دُعائیں کریں۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ضلع ڈیرہ بگٹی کیلئے بیلداروں کی دوسوآسامیاں دینے کا اعلان کیا۔قبل ازیں پنڈال پہنچنے پر وزیراعظم ،وزیراعلیٰ ،وفاقی وصوبائی وزرأ اوردیگرمہمانوں کاوالہانہ استقبال کیاگیا ،وزیراعظم کو روائتی پگڑی پہنائی گئی ۔بعدازاں پاکستان ہاؤس میں وزیراعظم کے اعزازمیں ظہرانے کا اہتمام بھی کیاگیا ۔