دوسرا آل بلوچستان علی احمد شہید انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کا انعقاد

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:00

کوئٹہ۔14 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دوسرا آل بلوچستان علی احمد شہید انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں مزید دو کوارٹر فائنل کھیلے گئے ، تیسرا کوارٹر ٹیکنیکل ہائی سکول کوئٹہ اور پشین ہائی سکول کے مابین کھیلا گیا ، دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا مگر میچ کے اختتام تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں، میچ کا فیصلہ پینلٹی سٹروکس پر ہوا جس میں پشین ہائی سکول نے یہ کوارٹر فائنل جیت کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا، چوتھا کوارٹر فائنل میچ کچلاک ہائی سکول اور جامعہ ہائی سکول کے درمیان کھیلا گیا ، مقررہ وقت تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پیلنٹی سٹروکس دی گئیں جس پر کچلاک ہائی سکول کی ٹیم اپنی مخالف ٹیم کو شکست سے دوچار کر کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

آج کے میچز کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل ہاکی کے کھلاڑی اور استاد حاجی محمد حبیب تھے ، جن کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایاگیا، اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کا یہ اچھا اقدام ہے کہ وہ سکول لیول پر ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کرا رہی ہے، جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، انہوں نے ایسوسی ایشن سے درخواست کی وہ انٹر سکول لیول پر لیگ ہاکی ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کریں تاکہ صوبے میں موجود ہاکی کا ٹیلنٹ سامنے آسکے۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر احسن جلیل (انٹرنیشنل جج) اور آرگنائزنگ سیکریٹری کامران صابر، جیوری کے فرائض محمد فیصل (نیشنل اے گریڈ) محمد علی جبکہ محمد زاہد، وحید الرحمان، عبدالولی، عبدالسلیم (کوچ) نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ آج ٹورنامنٹ کے دو سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل کچلاک ہائی سکول اور پشین ہائی سکول کی ٹیموں کے درمیان جبکہ دوسرا سیمی فائنل سملی ہائی سکول اور کلی گل محمد ہائی سکول کوئٹہ کے مابین کھیلا جائے۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 16 ستمبر بروز ہفتہ جنرل موسیٰ ہاکی اسٹیڈیم (ایوب اسٹیڈیم) کوئٹہ میں کھیلا جائے گا جس کی مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقعیہ سعید ہاشمی ہونگی۔

متعلقہ عنوان :