بلوچستان کے کوٹے پر وفاقی محکموں میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کا چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ازخود نوٹس لیں،لاناعبدالقادر لونی

جمعرات 14 ستمبر 2017 21:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی سینئر نائب امیر مولاناعبدالقادر لونی ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید عبدالستار شاہ چشتی اور کوئٹہ کے امیر قاری مہراللہ نے مطالبہ کیاہے کہ بلوچستان کے کوٹے پر وفاقی محکموں اور خودمختار کارپوریشنوں میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کا چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ازخود نوٹس لیکر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کریں جبکہ مرکزی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے حکام جعلی ڈومیسائل بنانے میں ملوث گرفتار ڈپٹی کمشنر کوئٹہ آفس کے ملازمین کو قوم کے سامنے بے نقاب کریں تاکہ جعلی ڈومیسائل کے اجراء اور بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل کے ذریعے بھرتیوں کے عمل میں ملوث اصل کردار سامنے آسکیں ،جمعرات کو اپنے جاری کردہ بیان میں جمعیت علماء اسلام (نظریاتی ) کے رہنمائوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے نمائندے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور صوبائی کابینہ واسمبلی میں موجود قوم پرست جماعتوں کے اراکین کی جعلی ڈومیسائل پر دوسرے صوبوں کے لوگوں کی بھرتیوں پر خاموشی معنی خیز ہے ،جس سے قوم کے نوجوانوں کے ذہینوں میں خدشات وسوالات جنم لے رہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ مرکزی وصوبائی حکومتوں میں شامل مذہبی و قوم پرست پارٹیوں کے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز اخباری بیانات جاری کرکے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بجائے اسمبلی فلور اور کابینہ کے اجلاس میں جعلی ڈومیسائل کے اجراء اور بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل کے ذریعے بھرتیوں پر آواز اٹھائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کاپانی ہوجائیں ،جمعیت نظریاتی عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمانی کرتے ہوئے اس حساس اور سنجیدہ مسئلے پر صوبے کے نوجوانوں کی ترجمانی کا فریضہ سرانجام دیگی۔