پی آئی اے کی نجف (عراق) کے لئے تین ہفتہ وار پروازیں شروع

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:01

پی آئی اے کی نجف (عراق) کے لئے تین ہفتہ وار پروازیں شروع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء)پی آئی اے نے عراق کے شہر نجف کے لئے پروازیں شروع کر دیں ، پہلی پرواز PK-219 جمعرات کی رات کو کراچی سے نجف کے لئے روانہ ہو گئی۔ پی آئی اے پہلی پاکستانی ائر لائن ہے جو کراچی سے نجف کے لئی3 ہفتہ وار براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔ان پروازوں پر دوسرے شہروں سے سفر کرنے والے مسافروں کو منسلک رابطہ پروازیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کا سامان اور بورڈنگ کارڈ وہیں سے ہی جاری کر دیئے جائیں گے اور ان کا سامان ان کے سفر کے اختتام پر ان کو فراہم کیا جائے گا ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے ائرلائن کے سینئر افسران کے ہمراہ افتتاحی پرواز کے مسافروں کو کراچی ایئر پورٹ سے الوداع کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہریوںکا نجف کے لئے پروازیں شروع کرنے کا دیرینہ مطالبہ پی آئی اے نے پورا کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان پروازوں پر مسافروں کے لئے باکفایت کرائے بھی متعارف کرائے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ان پروازوں پر مسافروں کی تعداد میں شروع سے ہی بہت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم مسافروںکو بہترین سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں ہمیں اپنی سروس کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور آپ کی آراء کے ہم منتظر ہیں۔ پی آئی اے کراچی سے نجف کے لئے ہر منگل، جمعرات اور ہفتہ کے روز تین ہفتہ وار پروازیں چلا رہی ہے اور ان پروازوں کے لئے ملک کے بڑے شہروں سے منسلک رابطہ پروازیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔