پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں اٹلی کے ساتھ شراکت داری میں اضافہ کرنا چاہتا ہے، فوجی تربیت کا تبادلہ بھی باہمی طورپر سودمند ہوسکتا ہے کیونکہ نیٹو کا حصہ ہونے کے باعث اٹلی کی فوج کے پاس قابل قدر فوجی تجربہ ہے ، پاکستان کی مسلح افواج جودہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں کے پاس انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کا بہت زیادہ تجربہ ہے، وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان کی اٹلی کے سفیر سٹیفانوپونٹی کوروو سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:01

پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان سے جمعرات کو اٹلی کے سفیر سٹیفانوپونٹی کوروو نے ملاقات کی جوکہ وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع کے دفتر میں ہوئی۔ وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں اٹلی کے ساتھ شراکت داری میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ فوجی تربیت کا تبادلہ بھی باہمی طورپر سودمند ہوسکتا ہے کیونکہ نیٹو کا حصہ ہونے کے باعث اٹلی کی فوج کے پاس قابل قدر فوجی تجربہ ہے جبکہ پاکستان کی مسلح افواج جودہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں کے پاس انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کا بہت زیادہ تجربہ ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان کی ایئرفورس کو فوجی آلات کی فراہمی پر اٹلی کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مشترکہ دفاعی پیداوار کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔وزیر دفاع نے افغانستان کی قیادت میں افغانیوں کے اپنے امن مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن واستحکام کی پاکستان کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران پاک افغان سرحد پر سکیورٹی صورتحال بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے قومی لائحہ عمل ، آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے شدت پسندی کے خاتمہ کا پختہ عزم کررکھا ہے۔