صوبائی حکومت کے اطلاعات تک رسائی کے قانون سے سرکاری محکموں میں کرپشن و بدعنوانی روکنے میں مدد ملی ہے

مقررین کا بٹگرام میں خیبر پختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کے زیراہتمام ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سیمینار سے خطاب

جمعرات 14 ستمبر 2017 21:01

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت کے متعارف کردہ اطلاعات تک رسائی (رائٹ ٹو انفارمیشن) کے قانون سے صوبائی حکومت کے امور میں شفافیت اور سرکاری افسران و اہلکاروں کے احتساب کے عمل کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، اس قانون کی بدولت اب صوبائی حکومت کا کوئی عمل عام آدمی کیلئے خفیہ نہیں رہا، اطلاعات تک رسائی کے قانون اور اس کے مقاصد کے علاوہ اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو متعدد غیر سرکاری مانیٹرنگ اداروں اور غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی سراہا ہے تاہم اس قانون کو عوام کیلئے صحیح معنوں میں مفید بنانے کیلئے عوام اور ان کی ہر سطح کے نمائندوں کو تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار جمعرات کو بٹگرام میں خیبر پختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کے زیراہتمام ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام سردار اسد ہارون کی زیرصدارت سیمینار کے مہمان خصوصی ضلع ناظم بٹگرام عطاالرحمٰن ترند تھے۔ بٹگرام کے تمام ضلعی محکموں کے سربراہان و پبلک انفارمیشن افسران اور بلدیاتی نمائندوں نے آگاہی و تربیتی اجلاس میں شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم بٹگرام عطاء الرحمٰن نے سرکاری محکموں میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے قانون سے نہ صرف سرکاری محکموں میں کرپشن و بدعنوانی روکنے میں مدد ملی بلکہ اس قانون سے عوام کو سرکاری معاملات کے بارے میں فائلوں میں پوشیدہ معلومات تک رسائی کا حق بھی مل گیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس قانون کا صحیح اور مکمل فائدہ اس وقت ہو گا جب عوام اور ان کے نمائندوں کو سرکاری اطلاعات تک رسائی کے حق کا علم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے چونکہ نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بھاری مالی وسائل بھی خصوصاً نچلی سطح کے بلدیاتی نمائندوں کے ہاتھ میں دے دیئے ہیں اس لئے ان نمائندوں کا اطلاعات کے قانون سے آگاہ ہونا انتہائی ضروری ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بٹگرام سردار اسد ہارون نے بتایا کہ ضلعی سرکاری افسران کو قانون کے مطابق ہر قسم کی سرکاری معلومات درخواست گذاروں کو مقرر وقت کے اندر فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، اس مقصد کیلئے ہر محکمہ میں پرنسپل انفارمیشن افسر مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے قانون پر اس کی روح کے مطا بق مکمل عمل درآمد کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ کو صوبائی حکومت کی جانب سے سخت احکامات موصول ہوئے ہیں۔ رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کے کمیونیکشن آفیسر سید سعادت جہاں نے سیمینار کے شرکاء کو اطلاعات تک رسائی قانون کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیمینار کا مقصد ضلعی افسران اور ضلعی حکومت کے منتخب ارکان کو اطلاعات کے حصول کیلئے شہریوں کی درخواستوں کو نمٹانے کے طریقہ کار کی تربیت دینا ہے۔ سیمینار کے دوران شرکاء نے آر ٹی آئی قانون کی افادیت پر سیر حاصل بحث بھی کی اور اس قانون کو عوامی مفاد کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے اس پر بہتر اور موثر انداز میں عمل درآمد سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :