کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اورشہریوں کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

مقبوضہ کشمیر کے پھلکیاں سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور بلااشتعال فائرنگ کی مذمت

جمعرات 14 ستمبر 2017 18:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہریوں کی شہادت پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو جمعرات کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور مقبوضہ کشمیر کے پھلکیاں سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کی ۔

بھارتی فائرنگ سے کاکڑاں کی رہائشی ریشماں بی بی اور گاوئں دیواڑ کے محمد ظہور شہید اور 3افراد زخمی ہوئے ۔ بھارت جنگ بندی کی مسلسل بلااشتعال خلاف ورزی کررہا ہے ۔بھارت نے 2017میں 700 سے زائد بار کنٹرول لائن اور وزیٹنگ بائونڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس سے 32 بے گناہ شہری شہید اور 116 زخمی ہوئے جبکہ 2016ء میں 382 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔

(جاری ہے)

شہریوں کو مسلسل نشانہ بنانا قابل افسوس اور انسانی عثمت کی تذلیل ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے بھارتی ڈپٹی کمشنر پر زور دیا کہ بھارت 2003ء کے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کرنے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے اس واقعہ اور دیگر واقعات کی تحقیقات کرے اور بھارتی فورسز کو جنگ بندی کا من وعن احترام کرنے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوئنڈری پر امن برقرار رکھنے کاحکم دے۔ انہوںنے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاسکتان اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔