بھارتی فوج بے گناہ کشمیروں کے خلاف مسلسل جرائم کا ارتکاب کررہی ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گنز کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے، وزیر خارجہ خواجہ آصف نے چین ، ایران اور ترکی کے کامیاب دورے کئے ہیں، پاکستان نے علاقائی سیاست اور سلامتی ایشوز پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا ہے

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور انسانی و مالی لحاظ سے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان میانمار میں مسلمانوں کو انسانی ہمدردی کی تمام تر معاونت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا ہفتہ وار پریس بریفنگ سے خطاب

جمعرات 14 ستمبر 2017 17:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) ایمنسٹی انٹر نیشنل نے اپنی حالیہ رپورٹ میں نہتے کشمیریوں پر قابض بھارتی افواج کی طرف سے پیلٹ گنز کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہاکہ بھارتی قابض افواج بے گناہ کشمیروں کے خلاف مسلسل جرائم کا ارتکاب کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پیلٹ گنز کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے جس سے بچوں اور طالب علوں سمیت متعدد کشمیری بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ اپنی 112 صفحات کی رپورٹ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ہتھیاروں کے اثرات آنے والے کئی برسوں تک محسوس کئے جائیں گے۔ ترجمان نے کہاکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے حال ہی میں چین ، ایران اور ترکی کے کامیاب دورے کئے ہیں اور پاکستان نے علاقائی سیاست اور سلامتی ایشوز پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ کادورہ حالیہ پیش ہائے رفت کے تناظر میں علاقائی ممالک کے ساتھ مشاورت اور تازہ ترین صورتحال کے جائزے کے حوالے سے تھا۔ انہوں نے کہاکہ دوروں کے دوران تمام جانب سے کئی نکات پر اتفاق پایا گیا ہے جیسا کہ افغانستان میں امن علاقے کے استحکام کے لئے اہم ہے اور افغان مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے ۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ کردار ادا کیا ہے اور انسانی اور مالی لحاظ سے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ سب نے اتفاق کیاکہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور پناہ گاہیں علاقائی ممالک کے لئے خطرہ ہیں اور دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے لئے عالمی تعاون درکار ہے ۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پائیدار علاقائی امن کے لئے کشمیر جیسے تنازعات کاحل بہت اہم ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سنجیدہ تشویش کا باعث اور قابل مذمت ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے بھارتی مظالم کی پر زور مذمت کی ہے ۔صرف حالیہ مہینے میں طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کولگام ، سوپور، سرینگر اور پلوامہ کے علاقوں میں9 کشمیری شہید ہوئے اور اب تک 74زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک انسانی حقوق کے حوالے سے بھارت کے سنگدلانہ رویے کا ثبوت ہے۔ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے بارے میں سوال کے جواب میں ترجمان نے کہاکہ پاکستان میانمار میں مسلمانوں کو انسانی ہمدردی کی تمام تر معاونت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔