پاکستان کشمیر کے معاملے پر آواز بلند کرتا رہیگا، ترجمان دفتر خارجہ

بھارت میں انتہا پسند اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کروا رہے ہیں، چین ایران اور ترکی نے تسلیم کیا کہ الزام تراشی سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا،پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 60 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں،ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریاکی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ

جمعرات 14 ستمبر 2017 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان نے کشمیر میں ہونے والے مظالم کا معاملہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ اٹھایا ہے اور اٹھایا جاتا رہے گا، بھارت میں انتہا پسند اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کروا رہے ہیں، چین ایران اور ترکی نے تسلیم کیا کہ الزام تراشی سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا،کستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 60 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دلیری سے بھارتی بربریت و مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت میں انتہا پسند اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کروا رہے ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک 12 صفحات پر مشتمل رپورٹ بھی پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بہت سے صحافیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ چین، ایران اور ترکی کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے تسلیم کیا کہ الزام تراشی سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ترجمان نے کہا کہ ان دوروں میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پربھی بات ہوئی، تمام ممالک کیساتھ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی مذمت بھی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 60 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں، پاکستان کی افغانستان سے متعلق کوششوں کو سراہا گیا، پاکستان کی قربانیوں کو تینوں ممالک نے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا دورے میں پاکستان کے موقف کو پذیرائی ملی۔