بلوچستان میں پانی اور گیس کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا‘ کچھی کینال منصوبہ دو صوبوں کے درمیان محبت کا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

سوئی کی گیس سے پورے پاکستان نے ترقی کی اور اب پاکستان کے عوام بلوچستان کا قرض ادا کریں گے۔ڈیرہ بگٹی میں کچھی کینال منصوبے کی افتتاخی تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 ستمبر 2017 16:04

بلوچستان میں پانی اور گیس کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا‘ کچھی ..
ڈیرہ بگٹی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 ستمبر۔2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سوئی کی گیس سے پورے پاکستان نے ترقی کی اور اب پاکستان کے عوام بلوچستان کا قرض ادا کریں گے۔ بلوچستان کے دورے کے دوران انہوں نے جمعرات کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں 80 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے کچھی کینال کے افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ منصوبے کا سنگ بنیاد 2002 میں رکھا گیا اور آج افتتاح ہورہا ہے، اس دوران ایک آمر اور پیپلز پارٹی کی مختلف حکومتیں قائم تھیں تاہم ان کے ادوار میں منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پانی اور گیس کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا جبکہ کچھی کینال منصوبہ دو صوبوں کے درمیان محبت کا منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھی کینال منصوبے پر 80 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سوئی کی گیس سے پورے پاکستان نے ترقی کی، اب پاکستان کے عوام بلوچستان کا قرض ادا کریں گے۔شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم کے حوالے سے کہا کہ آج یہاں نواز شریف کو ہونا چاہیے تھا، انہوں نے دعوی کیا کہ مسلم لیگ (ن) باتیں کم اور کام زیادہ کرتی ہے جبکہ دیگر جماعتیں باتیں زیادہ اور کام کم کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام ہے مگر اس سے اتفاق نہیں کرتے جبکہ نوازشریف کا سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونا پاکستان کی فتح ہے۔انہوں نے ناراض بلوچ بھائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ناراض بلوچ بھائی آگے آئیں اور صوبے کی ترقی میں حصہ لیں بہت جلد بلوچستان پاکستان کا امیر ترین صوبہ بن جائے گا۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے ان ہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ڈیرہ بگٹی میں 50 بیڈز کا ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام تمام جماعتوں کی کارکردگی سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے اور ڈیرہ بگٹی بھی آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ثابت ہوگا۔