اپوزیشن جماعتوں کا چیئرمین نیب پر عدم اعتماد کا اظہار‘چیئرمین نیب جانبدار ہیں ‘غیرسیاسی چیئرمین کے بغیر احتساب نہیں ہوسکتا:سید خورشید شاہ‘سراج الحق اور شیخ رشید کی صحافیوں سے گفتگو

حدیبیہ پیپر مل میں شریف خاندان نے 700 ملین کا فراڈ کیا ہے، اس کیس میں شریف خاندان کی جان جاتی ہے-شیخ رشید احمد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 ستمبر 2017 14:02

اپوزیشن جماعتوں کا چیئرمین نیب پر عدم اعتماد کا اظہار‘چیئرمین نیب ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 ستمبر۔2017ء) اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین نیب پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب پہلے دن سے ہی متنازع رہے ‘چیئرمین نیب کی تقرری پر وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے، وزیراعظم سے کوئی شکوہ نہیں کیا تاہم حکومت کو نئے چیئرمین نیب کے لیے جلد نام دیں گے اور ایسا نام دیں گے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ‘عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا-جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ نیب چیئرمین کی تقرری پر وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشورے ہورہے ہیں،چیئرمین نیب کا تقرر چیف جسٹس پاکستان ،دیگر صوبوں کے چیف جسٹس کریں۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ اگر غیرجانبدار آدمی چیئرمین نیب ہوتاتو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا،چیئرمین نیب کی تقرری کا اختیار وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سے واپس لیا جائے۔کیونکہ عدل کا تقاضا ہے کہ ایک غیرجانبدارآدمی کو چیئرمین نیب مقرر کیا جائے۔سراج الحق نے کہا کہ جن لوگوں نے یہاں سے پیسہ جمع کرکے باہر بھجوایا ،ا ن کا احتساب کیا جائے،پانامالیکس میں موجود 436 افراد کا بھی احتساب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک پر خاندان کے بجائے آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں،کرپشن معاشی دہشت گردی ہے، اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے،سب کو مل کر معاشی دہشت گردوں کا راستہ روکنا ہوگا۔قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ ملکی سیاست میں نیب کا اہم کردار ہے، نئے چیئرمین کا ماضی صاف ہونا چاہیے، ایسی تقرری ہو جس سے کسی پر کوئی آنچ نہ آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ چیئرمین نیب پہلے دن سے ہی متنازع رہے جب کہ ایسا چیئرمین نیب چاہتے ہیں جو صرف کرپشن کے خاتمے کے لیے کام کرے، چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے پی ٹی آئی، ایم کیو ایم سے رابطہ کرلیا ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر مل کیس میں پورا شریف خاندان ملوث ہے،اس کیس میں نیب کی واپسی کی کوئی گنجائش نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ حدیبیہ پیپر مل میں شریف خاندان نے 700 ملین کا فراڈ کیا ہے، اس کیس میں شریف خاندان کی جان جاتی ہے، امید ہے حدیبیہ پیپر مل کیس کا ٹرائل ہوگا کیونکہ اس میں پورا شریف خاندان ملوث ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ تمام جرائم کی ماں حدیبیہ پیپر مل کیس اب حتمی مرحلے میں ہے، حدیبیہ پیپر مل کیس میں عوامی مسلم لیگ کو پارٹی بنایا گیا ہے، میں یہ کیس بھی لطیف کھوسہ کے تعاون سے لڑوں گا ، نیب کے پاس ابھی دو دن ہیں کہ عدالت میں پیش ہوجائے، اس کیس میں نیب کی واپسی کی کوئی گنجائش نہیں، طلال چوہدری کی طرح ناچا گروپ نہیں ہوں میں بھنگڑے نہیں ڈال سکتا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شیخ رشید نے حدیبیہ پیپر مل کیس کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حدیبیہ پیپر مل کیس کھلا تو قوم پاناما کیس کو بھول جائے گی، حدیبیہ کیس نواز شریف کی سیاسی موت ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :