Live Updates

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے‘آج ترکی روانگی کا امکان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 ستمبر 2017 14:02

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے‘آج ترکی روانگی کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 ستمبر۔2017ء) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں،وطن واپسی پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن میں پنجاب ہیلتھ روڈ شو انتہائی کامیاب رہا،اس دوران برطانیہ میں مقیم ڈاکٹروں،سرجنز اور ہیلتھ پروفیشنلز نے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کچھ دن پہلے لندن گئے تھے،جہاں انہوں نے اپنی بھابی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اور اپنا میڈیکل چیک اپ کرایا،وزیراعلی کے تمام ٹیسٹ نارمل آئے ہیں، شہباز شریف نے لندن میں پنجاب ہیلتھ روڈ شو میں کلیدی خطاب کیا۔

واپسی پر لاہور ایئر پورٹ پرگفتگوکرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ لندن میں پنجاب ہیلتھ روڈ شو انتہائی کامیاب رہا،برطانیہ میں مقیم ڈاکٹروں،سرجنز اور ہیلتھ پروفیشنلز کے تعاون سے پنجاب میں جاری ہیلتھ کیئر اصلاحاتی پروگرام کو تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے خود کو قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 لاہور کی انتخابی مہم سے دور رکھا ہوا ہے۔

پنجاب حکومت کے سینیئر حکام کا کہنا ہے کہ شہباز شریف لندن سے واپسی کے بعد ممکنہ طور پر آج ہی ترکی کے لیے روانہ ہوجائیں گے اور اتوار 17 ستمبر کی شام کو واپس پاکستان آئیں گے۔ شہباز شریف نے صحت کے حوالے سے ایک کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے لندن میں اپنے قیام کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپوزیشن کی جانب سے مریم نواز کی انتخابی مہم میں حکومتی مشینری کے استعمال کی تنقید کا شکار نہیں ہونا چاہتے۔

لاہور کے حلقہ این اے 120 میں انتخابی مہم کے آغاز سے قبل ہی حمزہ شہباز لندن روانہ ہوگئے تھے اور مریم نواز کو حلقے میں انتخابی مہم چلانے کے لیے مکمل اختیارات دے دیے تھے، تاہم ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حمزہ شہباز بھی انتخاب کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔حمزہ شہباز نے این اے 120 کے انتخاب کے علاوہ گذشتہ 4 برسوں کے دوران صوبے کے تمام انتخابات کی نگرانی کی تھی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :