بٹگرام سے سابق رکن صوبائی اسمبلی تاج محمد خان ترند کی صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان سے ملاقات

صوبائی وزیر تعلیم نے ضلع کے جملہ ضم شدہ زنانہ و مردانہ پرائمری سکول بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

جمعرات 14 ستمبر 2017 13:27

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) بٹگرام سے سابق رکن صوبائی اسمبلی تاج محمد خان ترند نے صوبائی وزیر تعلیم سے ملاقات کر کے ضلع بٹگرام کے جملہ ضم شدہ زنانہ و مردانہ پرائمری سکول دوبارہ بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کروا دیا۔ عوام، والدین اور اساتذہ نے سابق ایم پی اے تاج محمد ترند کو عظیم کارنامہ سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر کی طرح ضلع بٹگرام میں چند ماہ قبل کم تعداد والے مردانہ اور زنانہ پرائمری سکولوں کو دیگر سرکاری سکولوں میں ضم کر دیا گیا تھا جس سے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور بچوں کے تعلیمی ماحول پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوئے تھے۔ سابق ایم پی اے تاج محمد خان ترند نے اس حوالہ سے گذشتہ ماہ صوبائی وزیر تعلیم سے خصوصی ملاقات کی اور ان کو بٹگرام کی تعلیمی پسماندگی اور طلباء و طالبات کے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے بٹگرام میں تعلیمی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق ایم پی اے تاج محمد خان ترند کی خصوصی دلچسپی پر ضلع بٹگرام کے جملہ پرائمری ضم شدہ زنانہ و مردانہ سکولوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے ڈی ای اوز کو ہدایت جاری کی کہ وہ فوری طور پر ضم سدہ سکولوں کو بحال کروائیں اور 30 ستمبر تک اساتذہ کی مطلوبہ تعداد کو پورا کیا جائے۔