برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پاکستان اور برطانیہ کے 70 سالہ تعلقات پر مبنی فوٹو گرافی نمائش کا افتتاح کیا

جمعرات 14 ستمبر 2017 13:07

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پاکستان اور برطانیہ کے 70 سالہ تعلقات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو (سی ایم جی) نے پاکستان اور برطانیہ کی70 سالہ تعلقات پر مبنی فوٹو گرافی کی نمائش کا افتتاح کردیا۔ فیصل آباد میں "شیئرڈ ہسٹری، شیئرڈ فیوچر" کے عنوان سے منعقدہ فوٹوگرافی نمائش عوام کے لیے 14 ستمبر سے 16 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس نمائش کا آغاز برطانوی پارلیمنٹ میں بھی بروز پیر کیا گیا ہے اور یہ نمائش برطانیہ اور پاکستان کے اہم شہروں میں بھی منعقد کی جائے گی۔

نمائش کی افتتاحی تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ ایوانِ صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر محمد سعید، برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (ڈی ایف آئی ڈی) کی لاہور کی سربراہ رتھ گراہم، برطانوی ہائی کمیشن کے عہدے داران، ایوانِ صنعت و تجارت فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے عہدے داران اور اراکین کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کی مقامی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے دو روزہ دورہ فیصل آباد کے دوران برطانوی ہائی کمشنر مسٹر تھامس ڈریو نے بڑی تعداد میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے تجارتی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے فیصل آباد میں الومینیم کے کین بنانے والی ایک فیکٹری اور انسٹیٹیوٹ آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کو 2017 ء میں 70 سال مکمل ہونے پر ہم اس شہر میں اپنی موجودگی پر خوشی محسوس کررہے ہیں جسے پاکستان کا مانچسٹر کہا جاتا ہے۔

فیصل آباد سے ہماری دلچسپی اور روابط ثقافت، تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں ہیں اور ہم خصوصی طور پر دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دو ارب پائونڈ کی تجارت میں اضافہ کرنا چاہیں گے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ نمائش میں رکھی جانے والی تصاویر پچھلے 70 سالوں کے دوران تجارت، کھیل، سیاست، ترقی، دفاع، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور ثقافتی شعبوں میں ہمارے تعاون کو نمایاں کررہی ہیں۔

اس نمائش کا آغاز اسی ہفتے برطانوی پارلیمنٹ میں بھی کیا گیا ہے اور یہ نمائش برطانیہ اور پاکستان کے اہم شہروں میں بھی منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے 70 برسوں میں اور ا س کے بعد بھی اپنے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں مزید اضافے کی امید کر تے ہیں۔ رواں سال کے دوران پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن، لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر برطانیہ اور پاکستان کے 70 سالہ تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے متعدد تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کررہا ہے۔ ان تقریبات کی تفصیل برطانوی ہائی کمیشن کے سوشل میڈیا پیجز پر باقاعدگی سے شائع کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :