خرم دستگیر کا متنازعہ ٹویٹ، صاحبزادہ جہانگیر نے ٹویٹ میں سخت رد عمل کا اظہار کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 14 ستمبر 2017 11:31

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 ستمبر 2017ء): پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کی لندن میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وفاقی وزیر خرم دستگیر نے اس پر ہتک آمیز الفاظ کہے جس پر پی ٹی آئی لندن کے سینئیر رہنما صاحبزادہ جہانگیر اور شہریار جہانگیر نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں خرم دستگیر کو شرم بھی دلوا دی۔

صاحبزادہ جہانگیر نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس تصویر میں عمران خان کے ہمراہ برطانوی جنرل کی اہلیہ موجود تھیں اور ان کے پیچھے ہمارا خاندان بھی کھڑا تھا۔
خرم دستگیر نے اپنے بیان سے ہمارے خاندان اور برطانوی جنرل کی اہلیہ کی تضحیک کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ برطانوی جنرل افغانستان جیسے اہم مسئلے پر پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں، خرم دستگیر پاکستان کے وزیر دفاع ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی ایس پی آر کو اس بات کو نوٹس لینا چاہئیے کیونکہ اگر جنرل کارٹن نے یہ ٹویٹ دیکھ لیا تو ان پر پاکستان کا تاثر کیا جائے گا۔ میں وزیر اعظم پاکستان سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس ٹویٹ پر فوری طور پر اپنے وزیر سے وضاحت طلب کریں۔ یاد رہے کہ عمران خان کی تصاویر منظر عام پر آنے پر وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بھی ٹویٹر پر عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا لیکن اسکرین شاٹ نے خرم دستگیر کا یہ ٹویٹ محفوظ کر لیا اور سوشل میڈیا پر خرم دستگیر ہی تنقید کا نشانہ بننے لگے۔