آرٹس کونسل میں ڈرامہ فیسٹول کا افتتاح

بدھ 13 ستمبر 2017 23:50

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ کے تعاون سے آرٹس کونسل میں ڈرامہ فیسٹول کا افتتاح پیپلز پارٹی لاڑکانہ کے ضلعی صدر عبدالفتاح بھٹو، جنرل سیکریٹری خیر محمد شیخ، ڈی جی محکمہ ثقافت سندھ اعجاز علی شیخ اور دیگر نے ربن کاٹ کر کیا۔ جس کے بعد علی روشن شیخ کی تحریر اور ہدایت کاری میں ڈرامہ فیسٹیول کا پہلا اسٹیج ڈرامہ اولڈ ہائوس پیش کیا گیا جس میں نافرمان اولاد کی جانب سے اپنے والد کو گھر سے نکالنے کے بعد اولڈ ہائوس میں داخل کروانے، اولاد کی والدین سے رویوں اور والد سے نفرت کرکے انہیں گھر سے نکالنے اور اولڈ ہائوس میں رہائش پذیر بزرگوں کے موضوعات کو فوکس کیا گیا جبکہ ڈرامے کے دوران مختلف ڈائلاگ پر بیٹھے ہوئے شرکا کے آنکھوں میں آنسو آگئے جنہوں نے اداکاروں کے لیے زبردست تالیاں بجاکر انہیں خراج پیش کیا۔

(جاری ہے)

ڈرامے میں سہیل کا کردار نامور فنکار اور گلوکار ریاض سومرو، ضعیف غفور کا کردار امجد گل سومرو، ضعیف عاشق کا کردار احمد پٹھان اور ضعیف نیاز کا کردار نامور گلوکار سعید تنیو نے ادا کیا۔ ڈرامے کے اختتام پر پیغام دیا گیا ہے کہ جو اولاد اپنے والدین کو نظرانداز کرکے انہیں گھر سے نکالتا ہے تو اس کی اولاد بھی اسی طرح انہیں اولڈ ہاؤس میں داخل کرتی ہے جس کے لیے تمام نوجوانوں کو پیغام ہے کہ وہ اپنے والدین کی خدمت کرکے ان کا ہر طرح سے خیال رکھیں۔