تاجروںاور صنعتکاروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں گے، قائم مقام چیف سیپکو

بدھ 13 ستمبر 2017 23:50

سکھر۔13ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) سیپکو کے قائمقام چیف عبدالستار نے کہا ہے کہ تاجروںاور صنعتکاروں کی بجلی سے متعلق شکایات کے ازالہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوانِ صنعت و تجارت سکھر میں ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے سیپکو سے ملاقات کے دوران کیا ۔

ایوان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ آغا قادرداد زرعی مارکیٹ کو لوڈ شیڈنگ سے مبرّاقرار دیا جائے جس پر سیپکو حکام نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آغا قادرداد زرعی مارکیٹ کی بلنگ اور ریکوری کی جانچ پڑتال کے بعد تکنیکی بنیادوں پر دستیاب سہولت فراہم کردی جائے گی۔ ایوان کی جانب سے محمد رضوان الحق ملک سینئر نائب صدر، حاجی نورالدین آگرہ والے، سجاداللہ قریشی اور سیپکو بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبر ورُکنِ ایوان عبدالعزیز شیوانی جبکہ سیپکو کی جانب سے قائمقام چیف کے ہمراہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر خادم حسین لاڑا اور ایکسیئن راج کمار شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ایوان کے وفد نے تجارتی مراکز اور صنعتی علاقے گولیمار اور سائٹ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ٹرپنگ سے آگاہ کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری کیلئے تکلیف دہ اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے نقصان دہ قرار دیا۔ تاجروں کو وضاحت کرتے ہوئے سیپکو حکام نے آگاہ کیا کہ شہریوں و کاروباری حضرات کو بجلی کی محفوظ اور مسلسل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے گرڈ اسٹیشنوں پر نئے حساس آلات نصب کئے گئے ہیں جو اوور لوڈ یا کسی بھی نقصان دہ امر کے نتیجے میں فوراً ٹرپ ہوجاتے ہیں اور چند منٹ کے وقفے کے بعد بجلی کی ترسیل بحال ہوجاتی ہے۔

اُنہوں نے مزید آگاہ کیا کہ تاجروں کی شکایت کے بروقت ازالے کیلئے سیپکو کا با اختیار نمائندہ بدھ کے روز ایوان میں بیٹھا کریگا تاکہ متعلقہ سیپکو آفیسر کو براہِ راست شکایت دور کرنے کی ہدایت کرکے ازالے کو یقینی بنائے۔ایوان کے وفد نے سیپکو حکام کے تعاون کی یقین دہانی پر اُن کی کاوشوں کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ شہریوں اور تاجروں کو بجلی سے متعلق شکایات سے لاحق پریشانیوں سے نجات حاصل ہوگی۔ ملاقات میں سیکریٹری ایوان اسرار حسین بھٹی بھی موجود تھے۔