سکھر ڈویژن پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس، کمشنر کی جانب سے سکھر ضلع کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار

بدھ 13 ستمبر 2017 23:50

سکھر۔13ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے پولیو کے سلسلے میں ضلع کی کارکردگی پر عدم اطمینان اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ سکھر کو آخری موقع دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے انڈیکیٹرز بہتر بنائیں اور اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں ، غلط ڈیٹا فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر سکھر ڈویژن نے اپنے آفس کے کمیٹی روم میں ڈویژنل پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس سے صدارت کے دوران کیا ۔کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ سکھر ضلع کی جانب سے پولیو کے سلسلے میں غلط ڈیٹا فراہم کیا جا رہا ہے، آئندہ غلط ڈیٹا فراہم کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ،اب کوئی بہانہ یا عذر نہیں چلے گا ۔

(جاری ہے)

پولیو وائرس ہمارے ارد گرد موجودہے جبکہ انوائرومینٹل سیمپل ٹیسٹ کے لئے بھیجے گئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ روٹین امیونائزیشن پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ اس پر صحیح کام نہیں کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کی کارکردگی پولیو کے حوالے سے بہتر ہے ۔ اجلاس کے دوران ڈی ایچ او کی جانب سے کولڈ چین خراب ہونے کی شکایت کی گئی جس پر کمشنر سکھر نے ڈبلیو ایچ او اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ضلع میں کولڈ چین اور آئس لائنر کے مسائل کو فوری حل کیا جائے ۔کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ پولیو کی مد میں ایک ملین روپے فنڈز ملے ہیں بہتر کارکردگی دکھانے والوں کو ایوارڈ اور سرٹیفکٹ دیئے جائیں گے جبکہ پولیو مہم میں کوتاہی کرنے والوں کو ہر گز بخشا نہیں جائے گا ۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں قائم ای پی آئی سینٹرز کی لسٹیں فراہم کریں تا کہ لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے لئے سولر سسٹم نصب کئے جائیں ۔ قبل ازیں ایڈیشنل کمشنر سکھر فرحان صدیقی،ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں اور ڈی ایچ اوز کی جانب سے پولیو مہم کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں ڈی سی خیرپور محمد نواز سوہو اور ڈی سی گھوٹکی سید اعجاز شاہ اور مختلف تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :