لاہور، این اے 120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ کا وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اعتراض پر شدید ردعمل

حکومت این اے 120میں اپنی واضح شکست دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہا ہوں اور مجھے انرجی سیور کا انتخابی نشان بھی آزاد امیدوار کے طور پر الاٹ ہوا ہے،بیان

بدھ 13 ستمبر 2017 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اعتراض لگائے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت این اے 120میں اپنی واضح شکست دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ میں آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہا ہوں اور مجھے انرجی سیور کا انتخابی نشان بھی آزاد امیدوار کے طور پر الاٹ ہوا ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حلقہ این اے 120میں میری کامیاب الیکشن مہم سے مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ کبھی ووٹروں کو دھمکیاں دیکر انرجی سیور پر مہر لگانے سے روکا جارہا ہے تو کبھی وزارت داخلہ کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خط بھجوا کر اس پر دبائو بڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی کابینہ میں دم خم ہے تو میدان میں رہتے ہوئے مقابلہ کریںاس طرح کے گھٹیا ہتھکنڈوں سے ہمارے عزم و ارادوں کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

این اے 120میں مسلم لیگ (ن) کی شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔ایسی مذموم حرکتوں کا ارتکاب کر کے دنیا میں جگ ہنسائی کے علاوہ اسے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔انہوںنے کہاکہ میرے الیکشن مہم میں حصہ لینے سے نظریہ پاکستان کی دشمن قوتوں اور نریندر مودی سے دوستیاں نبھانے والوں کے پیٹ میں سخت مروڑ اٹھ رہے ہیں۔مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کی طرح ملی مسلم لیگ نے بھی اگر آزاد امیدوار کے طور پر میری حمایت کا اعلان کیا ہے تو اس سے مسلم لیگ (ن) کو اس قدر خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

سرکاری سرپرستی میں این اے 120کے الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوششوں سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت سخت بوکھلاہٹ کا شکار اور خوف کی کیفیت میں ہے۔یعقوب شیخ نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے کابینہ کو ملک میں اپنی دھونس اور دھاندلی کی سیاست دم توڑتی نظر آرہی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت حالیہ انتخابی مہم کے دوران ایک طرف سرکاری سرپرستی میں تمامتر وسائل استعمال کر رہی ہے تو دوسری جانب الیکشن کمیشن کو خط لکھنے جیسی گھٹیا حرکتیںکی جارہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومتی سرپرستی میں کسی غیر آئینی و غیر قانونی حرکت کا ارتکاب کیا گیا تو وہ اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔