سپریم کورٹ ، سنیٹر نہال ہاشمی کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

بدھ 13 ستمبر 2017 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما سنیٹر نہال ہاشمی کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے ، بدھ کو جسٹس اعجازافضل خان کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اورجسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر نہال ہاشمی کی جانب سے ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ نے پیش ہوکرعدالت کوآگاہ کیاکہ نہال ہاشمی کے وکیل حشمت حبیب بیمارہیں، اس لئے میں عدالت میں پیش ہورہاہوں اورہم عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ کرخود عدالت کے رحم وکرم پرچھوڑتے ہیں اس لئے استدعاہے کہ ہماری معافی قبول کی جائے۔

(جاری ہے)

جسٹس شیخ عظمت سعید نے فاضل و کیل سے کہاکہ او ل توآپ اس کیس میں وکیل ہی نہیں ہیں دوسری جانب اگرغیرمشروط معافی مانگتے ہیں تویہ اس کاطریقہ نہیں بلکہ غیرمشروط معافی تحریری صورت میں عدالت کوپیش کریں ، کامران مرتضٰی نے ان سے کہاکہ کیس میں و ہی پیش ہوں گے تاہم مجھے دوسرے وکیل صاحب سے ایک بار ملنا ہوگا بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔