عطیات کا محفوظ اور دانشمندانہ استعمال ملکی خوشحالی و ترقی کا بڑا ذریعہ بن سکتا ہے‘ سعید احمد تاج

بدھ 13 ستمبر 2017 23:20

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) عطیات کا محفوظ اور دانشمندانہ استعمال ملکی خوشحالی و ترقی کا بڑا ذریعہ بن سکتا ہے چونکہ عطیات، صدقات و خیرات کرنا ہمارے معاشرے کی ایک خوبصورت مستقل سماجی قدر ہے ان خیالات کا اظہار صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سعید احمد تاج نے سنگت ڈویلپمنٹ فائونڈیشن اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ پروجیکٹ "عطیات کے محفوظ استعمال کی طرف ایک قدم" کی اختتامی تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بجا طور پر گوجرانوالہ کی صنعتی، کاروباری اور تاجر برادری پر فخر ہے کہ وہ خیرات کرنے سے پہلے اس سوال کو کما حقہ ذہن نشین رکھتے ہیں اور کسی ایسے شخص ادارے یا تنظیم کو اپنی زکوٰة، صدقات و خیرات نہیں دیتے جو بالواسطہ یا بلاواسطہ ان کے دیئے گئے عطیات و خیرات کو ملکی عدم استحکام، بدامنی و انتشار، معصوم جانوں کے ضیاع جیسے انسانیت کُش قبیح افعال میں استعمال کرتے ہوں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی میئر رانا مقصود احمد نے کہا کہ آج جتنی ضرورت لوگوں کو صدقات، عطیات و خیرات دینے کی طرف راغب کرنے کی ہے اس سے کہیں زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مخیر حضرات کے ذہنوں میں یہ بات بٹھائی جائے کہ وہ خیرات دیتے وقت اس بات کو یقینی بنانا اپنے اوپر لازم کر لیں کہ ان کی دی گئی خیرات ایسے لوگوں یا اداروںکوتو نہیں جارہی جو قومی سا لمیت اور استحکام کے خلاف یا فرقہ واریت کے فروغ میں مصروفِ عمل ہیں، ساجد علی ،پروجیکٹ ڈائریکٹرنے شرکاء کو " عطیات کے محفوظ استعمال کی طرف ایک قدم " کے تحت منعقدہ مختلف النوع سرگرمیاں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مختصر دورانیہ اور ابتدائی نوعیت کا چھوٹا پروجیکٹ تھا جس کا بنیادی مقصد کاروباری طبقہ کومحفوظ عطیات سے متعلق آسان فہم معلومات کی فراہمی اور اسٹیک ہولڈرز کومحفوظ عطیات کی اہمیت وضرورت اور افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے انہیںمحفوظ عطیات کرنے کیلئے متحرک کرنا تھا۔