عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پشتونوں کے حقوق کے لئے کردار ادا کیا ہے ، انجینئرزمرک خان اچکزئی

بدھ 13 ستمبر 2017 23:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پشتونوں کے حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے آج لوگ جوق در جوق عوامی نیشنل پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں فاٹا خیبرپختونخوا انضمام کے بارے میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے سیمینار کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے اور جو لوگ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر خیبرپختونخوا ‘ فاٹا انضمام کی مخالفت کررہے ہیں ان کو اپنی ناکامی نظر آنا شروع ہوگئی نامنو کی پالیسی اب نہیں چلے گی پشتون قوم باشعور ہو چکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ملک کے آئین بنانے میں اپنا کردار ادا کیا آج جو لوگ آئین کی بالادستی کی بات کرتے ہیں تو ان میں تمام تر کریڈٹ خان عبدالولی خان کو جاتا ہے جنہوں نے مشکلات حالات میں 73ء کا آئین دیا جس کی وجہ سے آج ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی قائم ہے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے آئندہ انتخابات کے لئے اپنا پلان تشکیل دے دیا اور آئندہ انتخابات میں پشتونوں کے نام پر سیاست کرنے والوں کو ہمیشہ ہمیشہ لے لئے دفن کریں گے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے فاٹا خیبرپختونخوا انضمام کے حوالے سے سیمینار مستقبل میں سنگ میل ثابت ہوگا ۔