جامع مساجد میں پانچ لاکھ روپے جبکہ مساجد کیلئے تین لاکھ روپے سے سولر سسٹم لگائے جائیں گے،امتیاز شاہد قریشی

بدھ 13 ستمبر 2017 23:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور اور انسانی حقوق امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ سکولوں کی حالت بہتر بنانے سمیت صوبہ بھر کی مساجد کی حالت مزید بہتر بنانے کیلئے (سولرائزیشن) شمسی توانائی سے بجلی فراہم کرنے والے آلات نصب کرنے کیلئے حکمت عملی بن چکی ہے جس کے تحت صوبہ بھر کی جامع مساجد میں تخمینہ لاگت پانچ لاکھ روپے جبکہ مساجد کیلئے تین لاکھ روپے سے بتدریج سولر سسٹم لگائے جائیں گے تاکہ عوام مزید بہتر انداز میں مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر پشاور میں اپنے حلقہ سے آئے ہوئے نمائندہ وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران تحصیل لاچی ضلع کوہاٹ کے عمائدین علاقہ سمیت ایس ڈی او حبیب اللہ اور اے ایس ڈی او نظیر بادشاہ لاچی کوہاٹ بھی موجود تھے اس موقع پر امتیاز شاہد قریشی نے کھیڈوسم تحصیل لاچی ضلع کوہاٹ میں خستہ حال پرائمری سکول کی فوری مرمت کیلئے ایس ڈی او لاچی کو16لاکھ روپے کا چیک دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے تعلیمی ایمر جنسی کے نفاذ کے بعد محکمہ تعلیم نے ریکارڈ پیش رفت کی ہے جس میں سینکڑوں نئے سکولوں کی تعمیر سمیت مکتب سکولوں کو پرائمری سکولوں میں تبدیل کرنے کے علاوہ موجودہ پرائمری سکولوں میں ضرورت کے مطابق زائدکمروں کی تعمیر کر کے حقیقی معنوں میں تعلیم دوستی کا ثبوت دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مساجد کی مزید بہتری کو مد نظر رکھتے ہوئے سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی ٹھوس حکمت عملی بنائی جاچکی ہے وزیر قانون نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں بنیادی تبدیلی کیلئے جو اقدامات موجودہ صوبائی حکومت نے اٹھائے ہیں ماضی کی حکومتوں میں اس کی مثال کہیں نہیںملتی۔ ان کاکہناتھا کہ موجودہ حکومت نے اداروں کو ٹھیک کرنے کیلئے ان میں بنیادی تبدیلیاں کی ہیں جس کی وجہ سے سکولوں کی اصل روح کے مطابق بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیاجائے گا تاکہ ہمارا اصل سرمایہ آئندہ نسل بہتر تعلیم حاصل کر کے دنیاکے ترقیافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو جائے اور نئے دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی آئندہ نسل کو تعلیم یافتہ بناسکیں۔

اس موقع پر تحصیل لاچی کے عمائدین نے صوبائی وزیر قانون کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے موجودہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔