محرم الحرام کے دوران امن و محبت اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھا جائے،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد

کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، محرم الحرام میںعاشورہ کے جلوسوںمیں ڈرون کیمروں کے استعمال پرپابندی ہوگی

بدھ 13 ستمبر 2017 21:01

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و محبت اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھا جائے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، محرم الحرام میںعاشورہ کے جلوسوںمیں ڈرون کیمروں کے استعمال پرپابندی ہوگی، متعلقہ افسران عاشورہ محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی،سیکیورٹی اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے موثر اقداما ت کریں، عاشورہ پر پاک فوج اور ایف سی کو بھی اسٹینڈ بائے رکھا جائے گا۔

وہ شہباز ہال حیدرآباد میں عاشورہ محرم الحرام کے لئے انتظامات کا جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، ڈی آئی جی حیدرآباد خادم حسین رند ، سیکٹر کمانڈر رینجرز حیدرآباد سمیت ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز، ایس پی اسپیشل برانچ ،ڈی جی ہیلتھ ، ڈائر یکٹر اسکولز اور ڈویژنل اسکائوٹس کمشنر، ڈائریکٹر پی ٹی سی ایل ، ایم ایس سول ہسپتال ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے علاوہ ایم ڈی واسا ، میونسپل کمشنر حیدرآباد اور دیگراداروں کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

کمشنر حیدرآباد ڈویژن سعید احمد منگنیجو نے پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عاشورہ کے دوران امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے کے لئے ،عزاداروں کے تحفظ اور ان کو سہولت دلانے کے لئے تمام انتظامات کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و محبت اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھا جائے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، محرم الحرام میںعاشورہ کے جلوسوںمیں ڈرون کیمروں کے استعمال پرپابندی عائد ہوگی ، انہوںنے کہا کہ ماتمی جلوس ، مجالس ، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کو فل پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی، انہوں نے ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں پر سیکورٹی کیمرے نصب کئے جائیں، مجالس کے داخلی راستوں میں کھار دار تاریں اور واک تھرو گیٹس لگائے جائیں تاکہ کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے بچا جاسکے، عزاء داروں کی حفاظت کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات کی گی، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران دیواروں پر شر انگیزوال چاکنگ روکی جائے تاکہ کسی بھی فساد سے بچا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کے فوری ازالے لئے محرام الحرام کے دوران ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کے آفس میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کئے جائیں ، جبکہ ڈی جی ہیلتھ کو ہدایت کی کہ محرام الحرام کے دوران تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے، محرم کے دوران صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے کمشنر حیدرآباد نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو سختی سے ہدایت کی کہ اس دن کی مناسبت سے خاص طورپر جلوسوں کے گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی کے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں اور عملے کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے بصورت دیگر کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی، عاشورہ کے دوران ماتمی جلوس کے راستوں سے کوڑہ کچرے کی صفائی ، مین ہولز کو ڈھکنے کے انتظام کو بھی مکمل کیا جائے، انہوں نے ہائی وے کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ محرم لحرام کے جلوس کے ماتمی جلوسوں کے گزرگاہوں کے تمام ٹوٹے ہوئے روڈز کی مرمت کو بھی یقینی بنائیں تاکہ جلوس آسانی کے ساتھ گزر سکے، انہوں نے حیسکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ عاشورہ کے دوران لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں اور واسا کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عاشورہ کے دوران بلا تعطل فراہمی آب کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :