Live Updates

عمران خان نے لاہور سے مایوس ہوکر سندھ کارخ کیا مگر انہیں یہاں بھی مایوسی کے سواء کچھ نہیں ملے گا، نثار احمد کھوڑو

کراچی محمود آباد کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے صرف 5 ہزار ووٹ لیے، سندھ میں اب ایم کیو ایم تقسیم ہوچکی ،شہری علاقوں میںبھی سیاسی تبدیلی آ رہی ہے،وزیر خوراک سندھ

بدھ 13 ستمبر 2017 21:01

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) سینئر صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان نے لاہور سے مایوس ہوکر سندھ کارخ کیا ہے مگر انہیں یہاں بھی مایوسی کے سواء کچھ نہیں ملے گا کیونکہ کراچی محمود آباد کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے صرف 5 ہزار ووٹ لیے، سندھ میں اب ایم کیو ایم تقسیم ہوچکی ہے جبکہ شہری علاقوں میںبھی سیاسی تبدیلی آ رہی ہے۔

وہ پی پی حیدرآباد ڈویژن کے صدر سید علی نوازشاہ رضوی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر میزبان کے علاوہ صغیر قریشی، پاشاقاضی ، فیاض علی شاہ ، آفتاب خانزادہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آئندہ سال انتخابات کا سال ہے اور پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی طرف سے عوامی رابطہ مہم جاری ہے اس سلسلے میں 16ستمبر کو دادو ضلع میں جلسہ بھی منعقد کیا جائیگا، انہوں نے بتایا کہ وہ آج لمس میں ورلڈ فزیو تھراپی ڈے کے حوالے سے پروگرام میں شرکت کے لیے آئے تھے اس پروگرام میں انہیں بتایا گیا کہ اگر کوئی شخص جسمانی طور پر معذور ہوجائے تو اس کے فزیو تھراپی کرکے صحیح کیا جاسکتا ہے ،مگر کوئی شخص سیاسی طور پر معذور ہوجائے تو اس کا علاج ناممکن ہے، انہوں نے کہا کہ آج کل نواز شریف سیاسی معذور ہیں ہمارے دوسرے دوست جو امپائر کی انگلی پر یقین رکھتے ہیں وہ بھی آج کل مایوس نظر آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ گواہ ہے کہ ون یونٹ بنانے والے بھی سیاسی طور پر معذور ہوگئے اور جو بھی جمہوری رویے کے خلاف جائیگا وہ بھی معذور ہوجائیگا، صوبائی وزیر نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کوسندھ میں آباد کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، برما میں مسلمانوں سے ہونے والی ناانصافیوں اور مظالم پر ہم سراپااحتجاج ہیں، انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے صوبے میں تعلیم ، زراعت اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں کی ترقی کے لیے بہت کام کر رہی ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لاہور سے مایوس ہوکر سندھ کارخ کیا ہے مگر انہیں یہاں بھی مایوسی ملے گی کیونکہ کراچی محمود آباد کے انتخابات میں پی ٹی آئی نے صرف 5 ہزار ووٹ لیے تھے، ایک سوال پر انہوں نے کہا ایم کیو ایم اب سندھ میںتقسیم ہوچکی ہے جبکہ شہری علاقوں میںبھی سیاسی تبدیلی آ رہی ہے، ایم کیو ایم سے ماضی میں سیاسی رابطے رہے ہیں مگر اب ان کی تمام تنظیم منتشر ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کے دور میں سندھ میں برما کے مسلمانوں کو کراچی میں لایا گیالیکن اس وقت ایسے کسی بھی فیصلے کی پی پی مخالفت کرے گی، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اگر ایم کیو ایم پاکستان، ایم کیو ایم لندن نے پاکستان مخالف سیاسر سے علیحدگی اختیار کی تو اس کے ساتھ چلاجاسکتا ہے، تعلیمی اداروں میں دہشت گرد تنظیم کے کارکنوں کی موجودگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور دہشت گردی کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات