سندھ حکومت شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے ہماری کوشش ہے ہم اساتذہ کو تربیت فراہم کریں، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 13 ستمبر 2017 21:01

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے ہماری کوشش ہے کہ ہم اساتذہ کو تربیت فراہم کریں، تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے خصوصاً تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں تاکہ اسکولوں کو بہتر طور پر چلایا جا سکے اور بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کی جاسکے، نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے تحت بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم دیں سکیں، آئندہ سال آئی سی سی ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کا میچ کراچی میں بھی منعقد کرایا جائے گا۔

وہ راشد آباد ٹنڈوالہیار میں سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے تربیت یافتہ اساتذہ بہت اہم ہیںکیونکہ اساتذہ ہی مستقبل کے معمار تیار کرتے ہیں جوکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صرف دو فیصد طبقے کی بہتر تعلیم تک رسائی سے ملک میں مجموعی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیںاسکے لئے تمام بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنا ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ سندھ حکومت تعلیم کی بہتری کیلئے درست سمت میں عملی اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں اساتذہ کا احترام کیا جاتا تھا اب وہ احترام کا رشتہ آہستہ آہستہ کم ہوتا جا رہا ہے استاد اور طالبعلموں کے درمیان رابطے کا فقدان ہے جس کے باعث آج ہمارے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھی نوجوان دہشت گردوں کے چنگل میں آجاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی اس سلسلے میں کوئی سفارش قبول نہیں کی جائے گی کیونکہ تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم اساتذہ کو تربیت فراہم کریں اس سلسلے میں سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ کی خدمات بھی لی جائینگی، ایک سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ سال آئی سی سی ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کا میچ کراچی میں بھی منعقد کرایا جائے گا، انہوں نے سرگودھین اسپرٹ ٹرسٹ کی انتظامیہ کو سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے قیام کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی۔

قبل ازیں سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر طیب جان نے انسٹیٹیوٹ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی، سرگودھین اسپرٹ ٹرسٹ کے چیئرمین تسنیم نورانی اور سرگودھین اسپرٹ ٹرسٹ پبلک اسکول کے پرنسپل ایئر کموڈور نیئر قیوم خواجہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اسکول کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات بتائیں، بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرگودھین اسپرٹ انسٹیٹیوٹ فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر ، صوبائی وزیر ورکس سروسز امداد علی پتافی، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو،حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد میمن، ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار رشید احمد زرداری، ایس ایس پی ٹنڈوالہیار شاہجہان خان پٹھان اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :