وزیراعظم کی موجودگی میں ،ْ مفاہمت کی یادداشت پر ایم او ایل گروپ کی طرف سے مینجنگ ڈائریکٹر ،ْ/چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم او ایل پاکستان آئل اینڈ گیس کمپنی بی وی گراہم بالچن اور او جی ڈی سی ایل کی جانب سے ایم ڈی زاہد میر نے دستخط کر دیئے

وزیراعظم سے مول گروپ کے چیف آپریشن آفیسر ڈاکٹر بیری سلاب گاسو کی ملاقات ،ْ اپنی کمپنی کے مختلف کاروباری منصوبوں بارے آگاہ کیا شاہد خاقان عباسی مول پاکستان کی طرف سے بلوچستان میںکاروباری منصوبے شروع کرنے اور سرگرمیوں کو وسعت دینے کی خواہش کا خیرمقدم

بدھ 13 ستمبر 2017 20:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بدھ کو آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور ایم او ایل گروپ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میںشرکت کی جو تیل وگیس کی بین الاقوامی اپ سٹریم تلاش وپیداوار میں مستقبل کے کاروباری مواقع کا جائزہ لینے کیلئے سٹریٹجک تعاون پر مبنی اقدام ہے۔

مفاہمت کی یادداشت پر ایم او ایل گروپ کی طرف سے مینجنگ ڈائریکٹر /چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم او ایل پاکستان آئل اینڈ گیس کمپنی بی وی گراہم بالچن اور او جی ڈی سی ایل کی جانب سے اس کے ایم ڈی زاہد میر نے دستخط کئے۔ اس ضمن میں سٹریٹجک تعاون تکنیکی معلومات اور صنعتی تجربے کے باہمی تبادلے کے ذریعے بین الاقوامی اپ سٹریم تعاون اور ممکنہ شراکتداری پر مزید غوروخوض کا حامل ہوگا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مول گروپ کے چیف آپریشن آفیسر ڈاکٹر بیری سلاب گاسو نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات بھی کی اور انہیں پاکستان میں اپنی کمپنی کے مختلف کاروباری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں منافع بخش کاروباری منصوبوں میں کمپنی کو سہولت دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی تعریف کی انہوں نے مختلف مقامات پر موجودہ سرگرمیوں کے علاوہ بلوچستان میں سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں، بالخصوص تیل وگیس کے میدان میں مواقع کی تلاش اور ان سے استفادہ کیلئے سرمایہ کاروں کو ہرممکنہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے مول پاکستان کی طرف سے بلوچستان میںکاروباری منصوبے شروع کرنے اور سرگرمیوں کو وسعت دینے کی خواہش کا خیرمقدم کیا۔