علاقے کے مسائل کے حل کیلئے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو تھنک ٹینک کا درجہ دے دیا گیا ہے ، وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن

گلگت بلتستان حکومت مسائل کے حل کے ضمن میں رہنمائی کیلئے یونیورسٹی سے رجوع کرنے پر فخر محسوس کرتی ہے

بدھ 13 ستمبر 2017 20:51

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں بدھ کے روز بین الاقوامی اسلام آباد کے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے زیر اہتمام ’’معاشرے کی تشکیل نو میں عصری جامعات کا کردار ‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کہ علاقے میںسماجی اور دیگر مسائل کے حوالے سے عوام کی رہنمائی کیلئے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو ایک تھنک ٹینک کا درجہ دے دیا گیا ہے اس لئے کہ معاشرے کی تشکیل نو میں جامعات کا کردار فیصلہ کن ہوتا ہے اور گلگت بلتستان حکومت نے اس کا بھر پور ادراک کر لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا دور بدل چکا ہے اور اسلامی یونیورسٹی قابل تحسین ہے کہ اس نے وقت کے اس تقاضے پر لبیک کہتے ہوئے اس موضوع کا انتخاب کیا اور اس کیلئے گلگت بلتستان کی سرزمین پر اس سیمینار کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

حافظ حفیظ الرحمن نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ طلباء و طالبات کی کردار سازی بھی ان کا مشن ہونا چاہئے اور کسی بھی طالب علم کو اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے ۔

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی پہلی خواتین یونیورسٹی بھی جلد قائم کر دی جائے گی تاکہ طالبات کیلئے تعلیم کی مزید سہولتیں بہم پہنچ جائیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی ا سلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ معاشرہ یونیورسٹیوں سے عملی کردار کا متقاضی ہے اگر معاشرہ ایک طالب علم پر ایک روپیہ خرچ کرتا ہے تو لازم ہے کہ وہ طالب علم معاشرہ کو اس سے کئی گنا زیادہ لو ٹائے ۔

انہوں نے اساتذہ کے تربیتی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں تعلیمی اداروں خصوصاً جامعات میں ملازمت کیلئے نہیں بلکہ ایک عظیم مشن کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ معاشرے میںبد امنی اور بے چینی کا تدارک ہو سکے ۔ انہوں نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا بھر پور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسی نوعیت کے سیمینارگلگت بلتستان کے دیگر علاقوں میں بھی منعقد کئے جائیں گے ۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل احمد نے عصری جامعات کے معاشرتی کردار کے موضوع پر سیمینار کے انعقاد کیلئے قراقرم یونیورسٹی کے انتخاب پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا شکر یہ ادا کیا ۔ اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی یونیورسٹی کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد بشیرخان نے کہا کہ معاشرتی تشکیل نو میں جامعات کا کردار حتمی نوعیت کا ہوتا ہے اور جو معاشرے اس وصف سے عاری ہوتے ہیں ان میں انتہا پسندی جنم لیتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ گہری تفکیر کے ذریعے مسائل کا حل صرف جامعات ہی میں دریافت کیا جاسکتا ہے جس کے دور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین نے معاشرے کی تشکیل میں جامعات کے چھ نکاتی کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :