پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات مسلسل روابط کے عزم پر مبنی ہیں ،ْوزیراعظم شاہد خاقان عباسی

یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر اور اس کی برآمدات کے لئے سب سے بڑی مارکیٹ ہے ،ْ یورپی یونین کے سفیر سے گفتگو

بدھ 13 ستمبر 2017 20:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات مسلسل روابط کے عزم پر مبنی ہیں ، یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر اور اس کی برآمدات کے لئے سب سے بڑی مارکیٹ ہے جی ایس پی پلس سکیم نے پاکستان کی معیشت میں بہتری اور اس کے اقتصادی اور ایجنڈے کے فروغ کے لئے تعمیری فریم ورک فراہم کیا وہ یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس کوٹین سے بدھ کو ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے سفیر نے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور پائیدار شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی کے لئے تعاون کو مزید تقویت دینے کے لئے یورپی یونین کے عزم کااعادہ کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شاندار کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کے نیشنل ایکشن پلان نے انتہا پسندی اور دہشت گردی سے مؤثر انداز میں نبردآزما ہونے کی بنیاد فراہم کی ۔ وزیر اعظم نے یورپ میں پاکستانی برادری کے کردار کو بھی سراہا جو اپنے متعلقہ ممالک کی ترقی میں معاون کردار ادا کررہی ہے۔