آرٹس کونسل میں ممتاز شعراء، نقاد، محقق ظریف احسن کی چھ کتابیں اور شعراء مجموعے کی تقریب رونمائی

بدھ 13 ستمبر 2017 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) آرٹس کو نسل آف پاکستان کراچی کی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام ممتاز شاعر، نقاد، محقق ظریف احسن کی چھ کتابیں بنام اردو شاعری کے فروغ میں مظفر گڑھ کے شعراء کردار (تحقیقی شعری انتخاب)، مظفر گڑھ ہے شہہ پارہ (شعری مجموعہ )، ہمارے عمری( رودادِ عمرہ، مناسکِ حج)، میںمکہ بھی ہوں ، میں مدینہ بھی ہو ( حمدیہ نعتیہ شعری مجموعہ ) ،موسم موسم مِلدی ہاسے (اردو شعری مجموعہ ’’ موسم موسم ملتے تھے ‘‘ سرائیکی منظوم ترجمہ ) ، موسم موسم مِلدے ساں (اردو شعری مجموعہ ’’ موسم موسم ملتے تھے ‘‘ پنجابی منظوم ترجمہ )کی تقریب رو نمائی گزشتہ شب منعقدہوئی۔

جس کی صدارت پروفیسر سحر انصاری نے کی جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی اور مہمان اعزازی قادر بخش سومروتھے۔

(جاری ہے)

مقررین میں پرو فیسر ڈاکٹر اوج کمال ، پروفیسر صفدر علی انشااوردیگر شامل تھے۔ نظامت راشد نورنے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر خوشی ہے کہ ظریف احسن کے لئے اتنی شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

ادب کے پس منظر میں اپنا ہونے کا احساس دلانا ضروری ہے۔ ظریف احسن ایک ایسا نام ہے جو ہروقت ادب کے لئے کام کرتا نظر آتا ہے۔انہوں نے ادب کے لئے بے شمار کام کیا ہے۔کتاب لکھنا ایک مشکل کام ہے ،انہوں نے ادبی شخصیات کے حوالے سے کافی کام کیا ہے۔اردو کے ساتھ پنجابی ،سرائیکی میں ادبی کام کیا ہے۔پروفیسر سحر انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ظریف احسن نے مظفر گڑھ کے حوالے سے بہت اچھاکام کیا ہے۔

آرٹس کونسل ادب اور ادبی شخصیات کے لئے بہت کام کررہا ہے۔کتابوںکی تقریب رونمائی بھی شاعراورادب کے لئے بہت اہم ہوتی ہے ،میںظریف احسن کو اس تقریب پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔مہمان اعزازی قادر بخش سومرو نے کہا کہ ظریف احسن نے روایات کی پاس داری کی ہے۔ان کی شاعری دل میں گھر کرجاتی ہے۔پروفیسر اوج کمال نے کہا کہ ظریف احسن نے نظم اورغزل میں بہترین کام کیا ہے۔ظریف احسن نے اپنے خطاب میں آرٹس کونسل اور محمد احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے لئے اتنی شاندار تقریب منعقد کی۔