صورتحال بہتر بنانے کیلئے آخری موقع دے رہا ہوں، مطلوبہ اہداف حاصل نہ ہوئے تو ذمہ دار سربراہان کو فارغ کردیں گے، میئر کراچی

مشکل حالات کے پیش نظر ریونیو فراہم کرنے والے محکموں کو ہنگامی بنیاد پر ٹھیک کرنے کی پالیسی دے رہے ہیں،اہم اجلاس سے خطاب

بدھ 13 ستمبر 2017 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ریکوری محکموں کی کارکردگی پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے سربراہان محکمہ جات کو تنبیہ کی ہے کہ انہیں صورتحال بہتر بنانے کیلئے آخری موقع دیا جارہا ہے اس کے باوجود مطلوبہ اہداف حاصل نہ کرنے پر اس کے ذمہ دار سربراہان محکمہ کو فارغ کردیں گے، تمام افسران دفتری اوقات کی پابندی یقینی بنائیں اور صبح نو بجے دفتر میں موجود ہوں مشکل حالات کے پیش نظر ریونیو فراہم کرنے والے محکموں کو ہنگامی بنیاد پر ٹھیک کرنے کی پالیسی دے رہے ہیں، ہم نے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے اور اہل افسران کی فہرست موجود ہے جنہیں کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کی جگہ تعینات کیا جائے گا، پورا کراچی زبوںحالی کا شکا رہے ریکوری بہتر بنا کر ہی ہم شہر کو ٹھیک کرسکیں گے، انفرادی طور پر کھولے گئے اکائونٹس بلا تاخیر بند کردیئے جائیں ڈپارٹمنٹ کا صرف ایک اکائونٹ ہوگا، ریکوری محکموں کے سربراہ فوری طور پر اپنے مسائل سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ افسران اور حکومت سندھ کے ذمہ دار افسران کے ساتھ بیٹھ کر درپیش مسائل حل کرائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی سہ پہر اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریکوری محکموں کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں میونسپل کمشنر نسیم نواز، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، مشیر مالیات ڈاکٹر اصغر عباس، سٹی کونسل کی مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین، چیئر پرسن اور متعلقہ محکموں کے سربراہان اور دیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس کے دوران میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر پیش کی گئی ریکوری محکموں کو دیئے گئے ٹارگیٹ اور حاصل کی گئی آمدنی سے متعلق پریزینٹیشن کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکمے کے سربراہ اور چیئرمین سے ریکوری کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے دریافت کیا اور ان پر زور دیا کہ فوری طور پر ایسی تجاویز دی جائیں جن کی روشنی میں ادارے کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ یقینی بنایا جاسکے، انہوںنے کہا کہ ماضی میں جو ہوا اسے بھلا کر ہمیں آگے بڑھنا ہے میرے پاس تما م افسران اور محکموں سے متعلق رپورٹس موجود ہیں تاہم فی الحال انہی افسران کو ذمہ داری دے رہے ہیں کیونکہ وہ اس قابل ہیں کہ کارکردگی بہتر بنا سکیں اور ریکوری کو بڑھائیں اگر کہیں کسی محکمے میں نچلے اسٹاف کی وجہ سے مسائل ہیں تو انہیں بھی ہم ٹھیک کریں گے ، ہماری نظر میں محکمے کی اہمیت ہے انفرادی شخص کی نہیں اگر کوئی افسر یا اہلکار بہتری کی راہ میں رکاوٹ بنا تو اسے فوری ہٹا دیں گے انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کام کو سنجیدگی سے لیا ہے، محکمہ فنانس اور انجینئرنگ کو علم ہے کہ حکومت ہماری راہ میں کیا رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے اور کس طرح ہم سے ہر چیز لی جارہی ہے یہاں تک کہ تنخواہ اور پینشن کی ادائیگی بھی مشکل بن گئی ہے ہمیں ادارے کے استحکام کے لئے ہر قیمت پر اپنی ریکوری بہتر بنانی ہے اور پہلے سے زیادہ ریکوری کرکے دکھانی ہے، انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں سامنے آنے والی صورتحال کی روشنی میں اب ہم محکمہ وار اجلاس بلائیں گے جن میں متعلقہ چیئرمین اور ڈسٹرکٹ کے افسران کو بھی ساتھ بٹھا کر مسائل کے حل اور بہتری لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، انہو ںنے افسران کو ہدایت کی کہ جو بھی مسائل انہیں درپیش ہیں تحریری طور پر میونسل کمشنر کو پیش کریں تاکہ حکومت سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں سے ان کے حل کے سلسلے میں رابطہ کیا جاسکے، انہوں نے خاص طور پر ویٹرنری ڈپارٹمنٹ، ای اینڈ آئی پی، پی ڈی اورنگی، محکمہ اسٹیٹ، چارجڈ پارکنگ، میونسپل سروسز کے علیحدہ اجلاس بلانے کی ہدایت بھی کی جبکہ جن محکموں کی کارکردگی نسبتاً بہترہے ان کے سربراہان کو ریکوری مزید بڑھانے کی ہدایت کی، انہوںنے کہا کہ شہر کے تمام اضلاع میں سڑکوں کی مرمت اور استر کاری کا کام کل سے شروع کیا جارہا ہے جس کی نگرانی متعلقہ چیئرمین کریں گے میئر کراچی نے کہا کہ محکموں میں پائی جانے والی کرپشن کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا جس کے ذریعے بجٹ میں دیا گیا ریکوری کا ٹارگٹ حاصل کرلیں گے۔

متعلقہ عنوان :