نجی کلینک میں بچہ کی ہلاکت پر عدالت کی جانب سے میڈیکل ٹیکنیشن کی گرفتاری خوش آئند اقدام ہے، یاسر زمان

بدھ 13 ستمبر 2017 20:30

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) مانسہرہ کی سول عدالت نے نجی کلینک میں دوسالہ بچہ کو غلط انجکشن دینے پر میڈیکل ٹیکنیشن کی گرفتاری کے احکامات دیکر انصاف کے تمام تقاضے پورے کر دیئے ہیں، عدالت کے فیصلے سے آئندہ کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی جرأت نہیں ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار دو ماہ قبل مٹاں والی زیارت کے قریب نجی کلینک میں زندگی کی بازی ہارنے والے بچہ عبدالغنی کے والد یاسر زمان نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ممتاز قانون دان سید بابر شاہ کی جانب سے کیس کی بہترین پیروی کرنے پر ہم ان کے مشکور ہیں، ضلعی انتظامیہ اور عدلیہ کے بھی انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے انصاف کے جملہ تقاضے پورے کئے۔ انہوں نے کہا کہ اولاد کا صدمہ والدین کیلئے ناقابل برداشت ہوتا ہے، ہنستا مسکراتا بچہ ہاتھوں سے چلا گیا جس کو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ کی جانب سے ہمارے ساتھ کیا گیا تعاون آئندہ بھی رہے گا، ہم امید کرتے ہیں کہ ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کر سکے۔