آر ٹی اے عملہ اور ٹریفک پولیس کا بغیر روٹ پرمٹ اور زائد کرایہ وصولی پر 35 گاڑیوں پر جرمانے

بدھ 13 ستمبر 2017 20:30

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) آر ٹی اے عملہ اور ٹریفک پولیس نے جی ٹی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر روٹ پرمٹ اور زائد کرایہ کی وصولی پر 35 گاڑیوں پر ہزاروں روپے جرمانہ عائد کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری آر ٹی اے ہزارہ عنصر محمود کی ہدایت پر ٹریفک پولیس ہری پور اور آر ٹی اے ہزارہ آفس کے عملہ نے جی ٹی روڈ سمیت دیگر مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر روٹ پرمٹ، کرایہ نامہ کی عدم موجو دگی اور مسافروں سے زائد کرایوں کی وصولی کی شکایات اور موقع پر چیکنگ کرتے ہوئے 35 چھوٹی بڑی گاڑیوں کے چلان کر کے 26000 قومی خزانہ میں جمع کروا دئیے۔

دوسری جانب سیکرٹری آر ٹی اے ہزارہ عنصر محمود نے بغیر روٹ پرمٹ کے چلنے والی تمام گاڑیوں کے مالکان کو وارننگ جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر روٹ پرمٹ حاصل کریں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اڈہ مالکان کو بھی مسافروں کیلئے تحت قانونی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی روٹ پر زائد کرایوں کی وصولی کی شکایت سامنے آئی تو فوری ایکشن لیا جائے گا اور کسی کو بھی عوامی مفاد کے خلاف یا قانون سے ہٹ کر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔