جنرل منیجر پیسکو حویلیاں گرڈ سٹیشن کی جلد تکمیل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے

وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اہل علاقہ کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ڈپٹی سپیکر

بدھ 13 ستمبر 2017 20:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے حویلیاں گرڈ سٹیشن کی تعمیر میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جنرل منیجر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کو اس منصوبہ کی جلد از جلد تکمیل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے اور تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات جنرل منیجر پیسکو محمد امجد خان، چیف انجینئر اکبر خان پیسکو اور پراجیکٹ منیجر پیسکو فواد عزیز سے بدھ کو ہونے والی اپنی ملاقات میں دیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ فنڈز کے اجراء کے باوجود حویلیاں گرڈ سٹیشن کی تعمیر میں تاخیر پیسکو کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے، اس منصوبہ کے بروقت مکمل نہ ہونے سے اہل علاقہ کو کم وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کم وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اہل علاقہ کو نہ صرف شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ اس سے حویلیاں اور ملحقہ علاقوں میں قائم صنعتی یونٹس بھی بری طر ح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پیسکو کو اس منصوبہ کو مکمل کرنے کیلئے فوری اقداما ت اٹھانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ منصوبہ کو مکمل کرنے میں مزید کسی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جنرل منیجر پیسکومحمد امجد خان نے منصوبہ پر ہونے والے کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی سپیکر کو نومبر 2017ء کے اوائل میں گرڈ سٹیشن کو مکمل کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ اپنے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اس پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے این ای18- میں بجلی سپلائی کے منصوبوں پر ہونے والے کام کی سست روی پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا، جس سست رفتاری سے ان منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اگلے دو سال میں بھی ان منصوبوں کا مکمل ہونا مشکل نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ تر قیاتی بجٹ میں این اے 18- میں بجلی کے مختلف منصوبوں کیلئے 36 کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز مختص کئے گئے ہیں لیکن پیسکو اب تک 200 کھمبے بھی نہیں لگا سکا۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو پیسکو کو ان منصوبوں کی بروقت تکمل کیلئے فوری طور پر بورڈ آف ڈائریکٹر کی میٹنگ بلا کر مربوط لائحہ عمل واضح کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں تعینات پیسکو کا موجودہ عملہ ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ناکافی ہے، ان منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے پیسکو کے عملہ کی تعداد اور استعداد کار میں اضافہ کے علاوہ پرائیویٹ فرمز کو ہائیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔