او جی ڈی سی ایل اور مول گروپ کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط

معاہدے کے مطابق دونوں کمپنیاں نئے کاروباری مواقع کی تلاش کیلئے بین الاقوامی اپ سٹریم ایکسپلوریشن و پروڈکشن کے حوالے سے تعاون کو آگے بڑھائیں گی

بدھ 13 ستمبر 2017 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل) اور ہنگری کی مول پاکستان آئل اینڈ گیس کمپنی بی۔وی۔ کے مابین ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیںجس کے مطابق دونوں کمپنیاں مستقبل کے نئے کاروباری مواقع کی تلاش کیلئے بین الاقوامی اپ سٹریم ایکسپلوریشن و پروڈکشن کے حوالے سے باہمی تعاون کو آگے بڑھائیں گی۔

معاہدے کی پر وقار تقریب گزشتہ روزاسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں دونوں کمپنیوں کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔مول گروپ کی جانب سے مول پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر و سی ای اومسٹر گراہم بال چن جبکہ او جی ڈی سی ایل کے مینجنگ ڈائریکٹر زاہد میر نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق دونوں کمپنیاں باہمی اشتراک سے پاکستان ،مشرق وسطیٰ ، بر اعظم افریقہ،سی آئی ایس ریجن (آزاد ریاستوں کی دولت مشترکے خطی)خصوصاً رشین فیڈریشن اور قازقستان میں نئے کاروباری مواقع تلاش کریں گی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مول گروپ کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ اپ سٹریم ڈاکٹر بیریسلاو گیسو کا کہنا تھا کہ مول گروپ تیل و گیس کی تلاش کے 75 سال سے زائد عرصہ کے تجربہ کی حامل کمپنی ہے جبکہ پاکستان میں ہماری ذیلی کمپنی مول پاکستان نے اپ سٹریم کے شعبے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔مول گروپ کے اسی کامیاب تجربہ کی روشنی میں ہم مول پاکستان اور او جی ڈی سی ایل کے اس معاہدے کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔

اپنے خطاب میں او جی ڈی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین زاہدمظفر نے کہا کہ اس معاہدے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جس سے ملکی و غیر ملکی سطح پر ہائڈرو کاربن کی تلاش کے مزید مواقع میسر ہو سکیں گے۔او جی ڈی ای ایل کے مینجنگ ڈائریکٹر زاہد میر کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں واقع ٹل بلاک میں مول پاکستان کے ساتھ ہماری شراکت داری کامیابی سے جاری ہے۔

اس معاہدے سے ہم بین الاقوامی سطح پر تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کے علاوہ پاکستان میں اپنے آپریشنز کو مزید وسعت دیں گے۔مول پاکستان کے ساتھ یہ معاہدہ او جی ڈی سی ایل کی پالیسی کا عکاس ہے جس کے تحت تیل و گیس کی تلاش کرنے والی مستحکم بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر پاکستان سے باہر بھی اپنے کاروبار کو وسعت دی جائے گی۔مول گروپ کے ریجنل ایڈوائزر برائے مشرق وسطیٰ، افریقہ اینڈ پاکستان علی مرتضیٰ عباس کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ مول پاکستان اور او جی ڈی سی ایل کے مابین طے پانے والا یہ معاہدہ دونوں کمپنیوں کے مابین تکنیکی و مالی لحاظ سے مضبوط بنیاد فراہم کرے گاجس کی بدولت ہم مستقبل کے مواقع کا تعین کر سکتے ہیں۔

ہمیں یقین ہے کہ بین الاقوامی سطح پر مزید ہائڈرو کاربن کی تلاش کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں تلاش کر نے سے نہ صرف خطے کی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔واضح رہے کہ او جی ڈی سی ایل پاکستان میں تیل و گیس تلاش کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے جبکہ مول پاکستان ملک میں تیل و گیس تلاش کرنے والی سب سے بڑی بین الاقوامی کمپنی ہے۔امید کی جا رہی ہے کہ انتہائی مستحکم مالی پس منظرکی حامل دونوں کمپنیوں کے اس اشتراک سے بہترین تکنیکی معلومات اوروسیع کاروباری تجربے کے تبادلے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اپ سٹریم کی ترقی کے ضمن میں نئی راہیں کھلیں گی۔