عوامی مرکر میں آتشزدگی ،ْ جاں بحق افراد کے والدین نے مقدمہ کیلئے درخواست دیدی

عوامی مرکز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ،ْ چیف جسٹس سے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے کی اپیل

بدھ 13 ستمبر 2017 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں واقع عوامی مرکز میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے علی رضا کے والدین نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ، عوامی مرکز کی انتظامیہ ، فائربرگیڈ انتظامیہ اور ریسکیو 1122انتظامیہ کے سربراہان کے خلاف مقدمہ اندراج کے لئے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو درخواست دے دی جبکہ عوامی مرکز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جہاں پر چیف جسٹس آف پاکستان سے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے کی اپیل کی ۔

بدھ کو عوامی مرکز میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق علی رضا کے والدین اور عزیز و اقارب نے عوامی مرکز کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مرکز کو آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی ہے،علی رضا کے والد حامد نے کہا کہ میرا بیٹا پونے 2گھنٹے تک ریسکیو ٹیموں کے آنے کا انتظار کرتا رہا جب آگ نے چوتھی منزل پر علی رضا کو مکمل طور پر گھیر لیا تب اس نے چھلانگ لگائی، ریسکیو ٹیموں کی تاخیر سے آنے کی وجہ سے میرا بیٹا نہ بچ سکا، شک ہوتا ہے کہ جان بوجھ کر ریسکیو ٹیموں کو تاخیر سے آنے دیا گیا، مظاہرین نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ آتشزدگی واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ، علی رضا کے والد نے کہا کہ 2روز تک جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو خود چیف جسٹس کو باضابطہ درخواست دوں گا، علی رضا کے والد نے مزید کہا کہ کیا وزیراعظم یاکسی وزیر کا بیٹا عوامی مرکز میں مر جاتا تو اسی طرح خاموشی چھائی رہتی، سانحہ میں جاں بحق تینوں جوانوں کے اہل خانہ کو ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے، اتوار کو عوامی مرکز میں لگنے والی آگ بے حسی کی آگ تھی،3 روز گزر جانے کے باوجود کسی حکومتی شخصیت یا ذمہ دار نے ایک فون کرکے تعزیت تک نہیں کی،کیا مہذب دنیا میں ایسا سانحہ ہوتا تو اسی طرح خاموشی چھائی ہوتی بعدازاں علی رضا کے والد نے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو مقدمہ اندراج کے لئے درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس کا بیٹا نائٹ ڈیوٹی پر اپنے دفتر میں موجود تھا جو صبح 9بجے ختم ہونا تھی ، بیٹے نے آگ کی تپش سے بچنے کے لئے کھڑکی کا شیشہ توڑا اور نیچے کھڑے افراد کو مدد کے لئے پکارتا رہا انہوں نے کہا کہ چھلانگ لگا دو جس پر بیٹے نے آگ کو بھڑکتا دیکھ کر چھلانگ لگا دی ، درخواست میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ، عوامی مرکز کی انتظامیہ ، فائربرگیڈ انتظامیہ اور ریسکیو 1122انتظامیہ کے سربراہان کو نامزد کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق درخواست موصول کر لی ہے ، قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ن

متعلقہ عنوان :